کراچی کنگز کی لاہور قلندرزکے خلاف دوسری فتح

اپ ڈیٹ 12 فروری 2016
روی بوپارا نے 71 رنز بنائے اور باؤلنگ میں 6 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
روی بوپارا نے 71 رنز بنائے اور باؤلنگ میں 6 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

شارجہ: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں کراچی کنگز نے روی بوپارا کی ذمہ دارانہ بلے بازی اور شاندار باؤلنگ کی بدولت لاہور قلندرز کو27 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری فتح حاصل کرلی.

لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا.

کراچی کنگز کی جانب سے اوپننگ کے لیے کپتان شعیب ملک خود میدان میں اترے اور نعمان انور کے ساتھ اچھا آغاز فراہم کیا تاہم بعد میں آنے والے بلے باز آؤٹ ہوتے رہے.

دوسری جانب لاہور قلندرز کی جانب سے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا جہاں انھوں نے اہم مواقعوں پر کئی کیچز چھوڑ دیے اور کراچی کنگز کو ایک بڑا اسکور ترتیب دینے میں مدد فراہم کی.

شعیب ملک اور نعمان انور نے پہلی وکٹ میں 54 رنز کی شراکت قائم کی، نعمان 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شعیب ملک 27 رنز بنا سکے.

شکیب الحسن 109 کے اسکور پر 9 اور عماد وسیم آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جو 139 کے اسکور پر 11 رنز بنا کیون کوپر کی گیند پر کیمرون ڈیل پورٹ کو کیچ دے کر پویلین واپس آگئے.

روی بوپارا نے ایک دفعہ پھر کراچی کنگز کی بیٹنگ کا بار اپنے کندھوں میں لیا اور 71 رنز کی شاندارناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے. مشفق الرحیم 10 رنز بنا کر ان کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے.

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے.

لاہور قلندرز کی جانب سے ظفر گوہر اور ذوہیب خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں.

178 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے کرس گیل اور کیمرون ڈیل پورٹ نے 11 اوورز میں 98 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا لیکن دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد دیگر بلے بازوں نے انتہائی ناقص کارکردگی دکھائی اور پے درپے آؤٹ ہوتے گئے.

کیمرون ڈیل پورٹ 7 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر مشفق الرحیم کے ہاتھوں اسٹمپ ہوگئے جس کے فوری بعد روی بوپارا کی گیند پر کرس گیل بھی مشفق الرحیم کے ہاتھوں کیچ ہوئے انھوں نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 37 رنز کی اننگز کھیلی.

روی بوپارا نے 12 ویں اوورمیں دو وکٹیں حاصل کرکے لاہور قلندرز کے لیے مشکلات کھڑی کیں، لاہور قلندرز کے قائم مقام کپتان ڈیون براوو آؤٹ ہونے والے تیسرے اور بوپارہ کی دوسری وکٹ تھے.

عمر اکمل اور محمد رضوان کی جوڑی نے لاہور قلندرز کے لیے کچھ لمحوں کے لیے امید دلائی لیکن رضوان 12 رنز بنا کر 122 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے. حماد اعظم کے لیے بدقسمت رہے اور صفر پر بوپارا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے نوید یاسین بھی صفر پر پویلین لوٹے.

عمر اکمل نے 19 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ بھی بوپارا کا نشانہ بن کر میدان بدر ہوئے اس وقت لاہور قلندرز کا اسکور 132 رنز تھا، آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز ظفر گوہر تھے جو ایک رن بنا کر سہیل خان کی وکٹ بنے.

لاہور قلندرز مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا سکی اور میچ میں 27 رنز سے شکست کا سامناکرنا پڑا.

کراچی کی جانب سے روی بوپارا نے 16 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، انھیں آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

قبل ازیں پی ایس ایل کے 12ویں میچ میں لاہور قلندرز کے قائم مقام کپتان ڈیوین براوو نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا.

لاہور کے کپتان اظہر علی انجری کے سبب میچ کا حصہ نہیں ہیں اور ان کی جگہ کرس گیل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ کراچی کنگز نے گروئن انجری کے شکار محمد عامر کو آرام دیتے ہوئے سہیل خان کو حتمی ٹیم کا حصہ بنایا.

کراچی کنگز نے ٹیم میں مزید دو تبدیلیاں کیں وکٹ کیپر سیف اللہ بنگش اور لینڈل سمنز کی جگہ مشفق الرحیم اور میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں