شین واٹسن پاکستانی باؤلر رومان رئیس کے گرویدہ

12 فروری 2016
شین واٹسن نے پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے خلاف 79 رنز کی اننگز کھیلی تھی—فوٹو:اے ایف پی
شین واٹسن نے پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے خلاف 79 رنز کی اننگز کھیلی تھی—فوٹو:اے ایف پی

شارجہ: عالمی شہرت یافتہ آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے منتخب ہونے والے نوجوان پاکستانی فاسٹ باؤلر رومان رئیس کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صلاحیتوں سے مالا مال اور بہترین باؤلر ہیں۔

رومان رئیس پی ایس ایل میں شین واٹسن کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیل رہے ہیں جبکہ انھیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور ایشیا کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

شین واٹسن نے کرکٹ آسٹریلیا کو اپنے انٹرویو میں کہا کہ ہماری ٹیم میں بائیں ہاتھ سے فاسٹ باؤلنگ کرنے والے رومان رئیس اب تک کھیلے گئے کچھ میچوں میں شاندار رہے ہیں، وہ باصلاحیت اور نوجوان ہیں اور وہ اپنے کھیل کے حوالے سے بہتر سمجھ رکھتے ہیں۔

مصباح الحق کی عدم موجودگی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرنے والے واٹسن کا کہنا تھا کہ رومان رئیس گیم اور ٹی ٹوئنٹی کو بہتر سمجھتے ہیں جبکہ دباؤ سے اپنے آپ کو کیسے نکالنا ہے وہ اچھی طرح جانتے ہے، وہ واحد کھلاڑی تھے جو میرے ساتھ کھڑے رہے اور جتنے میچز کھیلے ہیں ان میں وہ متاثر کن کارکردگی دکھائی۔

رومان رئیس نے 40 ڈومیسٹک میچوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ پی ایس ایل میں اب تک انھوں نے 5.88 کی شاندار اوسط سے باؤلنگ کی ہے۔

شین واٹسن نے پی ایس ایل کی تعریف کی اور اسے پاکستان کرکٹ کے لیے سود مند قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کے لیے شاندار چیز ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو حوصلہ دینے کے لیے ورلڈ کلاس کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنا پاکستان کرکٹ کی ترقی کے لیے بہترین چیز ہو گی"۔

شین واٹسن نے مصباح الحق کی عدم موجودگی میں گزشتہ دو میچوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کے فرائض انجام دیے جبکہ لاہور قلندرز کے خلاف انھوں نے 47 گیندوں پر 79 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں