آئی فونز میں کبھی یہ تاریخ سیٹ نہ کریں

اپ ڈیٹ 12 فروری 2016
آئی فون سکس ایس — اے ایف پی فائل فوٹو
آئی فون سکس ایس — اے ایف پی فائل فوٹو

اگر تو آپ ایپل کا آئی فون استعمال کرتے ہیں تو ایک نئے انتباہ کے بارے میں جان لیں جو آپ کی ڈیوائس کو خراب کرسکتا ہے۔

جی ہاں آئی فون، آئی پیڈ اور آئی پوڈ ایک خاص تاریخ سیٹ کرنے پر ناکارہ ہوکر رہ جاتے ہیں۔

یکم جنوری 1970 کی تاریخ آئی فون کو ناکارہ کرسکتی ہے اور ایپل کا یہ مقبول ترین اسمارٹ فون کسی کام کا نہیں رہتا۔

اس حوالے سے یوٹیوب پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی گئی ہے جس میں ایک آئی فون پر اس تاریخ کا تجربہ کرکے بھی دیکھا گیا اور وہ ڈیوائس جام ہوکر رہ گئی۔

یہ واضح نہیں کہ آخر تاریخ تبدیل کرنے سے ایپل کا آپریٹنگ سسٹم کریش کیوں ہوجاتا ہے مگر ایک ممکنہ وضاحیت یہ ہوسکتی ہے کہ ایسا ٹائم زونز میں تبدیلی کی وجہ سے ہوتا ہے۔

اور اگر کوئی صارف اس بگ کا شکار ہوجائے تو اسے ٹھیک کرنے کے لیے ایپل اسٹور کا ہی رخ کرنا پڑتا ہے۔

یہ پہلا بگ نہیں جس کا آئی فون صارفین کو سامنا کرنا پڑا ہو۔

گزشتہ سال عربی زبان کے ایک کوڈ پر مبنی ٹیکسٹ میسج سے بھی فون کا سسٹم کریش ہونے لگا تھا جبکہ گزشتہ ماہ سفاری براﺅزر میں مسائل سامنے آئے تھے۔

ایپل کو حال ہی میں غیر مجاز افراد سے آئی فون کی مرمت کرانے پر انہیں بلاک کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایپل کا کہنا تھا کہ یہ ایرر 53 میسج صارفین کے تحفظ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

تاہم اس نئی خرابی کے حوالے سے ایپل نے فی الحال کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔

مذکورہ تاریخ سیٹ کرنے کی صورت میں آپ کے آئی فون میں جو فالٹ آئے گا اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں