محمد نواز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بہترین کارکردگی کیلئے پرعزم

12 فروری 2016
محمد نواز پی ایس ایل میں 9 وکٹیں حاصل کرکے سرفہرست باؤلر ہیں—فوٹو بشکریہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
محمد نواز پی ایس ایل میں 9 وکٹیں حاصل کرکے سرفہرست باؤلر ہیں—فوٹو بشکریہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

شارجہ: پاکستان کرکٹ کے ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر محمد نواز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

محمد نواز پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کررہے ہیں جہاں انھوں نے اب تک بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 9 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

پی ٹی وی کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں محمد نواز نے قومی ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرے۔

نوجوان آل راؤنڈڑ کا کہنا تھا کہ "میں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی اور اب پی ایس ایل میں بھی اچھا کھیل رہا ہوں اور پی ایس ایل کے ابتدائی دو یا تین میچوں میں اچھی کارکردگی دکھانے کے بعد قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے پرامید تھا"۔

انھوں نے اس کارکردگی کو ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی جاری رکھنے کے لیے امید کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ "قومی ٹیم میں شمولیت پر میرا خاندان اور دوست بہت خوش تھے اور مستقبل میں میری کامیابی کے لیے دعا کررہے ہیں"۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ماہرین پی ایس ایل سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو زیادہ اہمیت نہیں دے رہے تھے لیکن وہ مطمئن تھے کہ ٹیم کا جوڑ بہترین ہے اور ٹیم اچھا کھیلے گی۔

نواز کو اعتماد ہے کہ جس طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے اس طرح پی ایس ایل کے پہلے سیزن کی ٹرافی اپنے نام کرے گی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل میں اب تک کھیلے گئے 5 میچز میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی ہے اور ٹورنامنٹ کی سرفہرست ٹیم ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں