پشاور زلمی کی پی ایس ایل میں چوتھی فتح

اپ ڈیٹ 13 فروری 2016
پشاورزلمی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم بن گئی—فوٹو بشکریہ پی سی بی
پشاورزلمی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم بن گئی—فوٹو بشکریہ پی سی بی

شارجہ: پاکستان سپر لیگ کے 13 ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی.

تماشائیوں سے کھچاکھچ بھرے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے خالد لطیف کی نصف سنچری کے بدولت پشاور زلمی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا لیے.

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شین واٹسن اور شرجیل خان نے پہلی وکٹ مں 27 رنز بنالیے اور واٹسن 19 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے.

خالد لطیف اور شرجیل خان نے دوسری وکٹ میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور اسکور کو 73 تک پہنچایا لیکن شرجیل خان 10ویں اوور میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم کپتان مصباح الحق اور خالد لطیف نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکور کو 130 تک لے آئے.

مصباح الحق 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے وہ آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے جبکہ آندرے رسل 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.

خالد لطیف نے اپنی ذامہ دارانہ اننگز 146 رنز تک برقرار رکھی اور 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں ایک چوکا اور 4 چھکے شامل تھے.آصف علی آؤٹ ہونے والے اسلام آباد کے آخری بلے باز تھے جو صفر پر آؤٹ ہوئے.

بریڈ ہیڈن 2 اور محمد سمیع 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے.

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 6 وکٹیں کھو کر پشاور زلمی کو جیت کے لیے 153 رنز کا ہدف دے دیا.

پشاورزلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور محمد اصغر نے 2،2 جبکہ جنید خان اور شان ٹیٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا.

محمد حفیظ اور تمیم اقبال نے پشاور زلمی کے لیے 4 اور میں 36 رنز کا آغاز فراہم کیا، محمد حفیظ حفیظ 25 رنز بنائے تھے کہ اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں محمد سمیع کی گیند پر مصباح الحق کے بہترین کیچ کے باعث آگے بڑھ نہ پائے.

پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے آسٹریلوی کھلاڑی جم ایلنبی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے انھیں سیموئیل بدری نے شکار بنایا.

پشاور زلمی کی جانب سے تیسرے اور آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز کامران اکمل تھے جو 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اس وقت زلمی کا اسکور 93 رنز تھا.

بنگلہ دیشی بلے باز تمیم اقبال نے اپنی شاندار بلے بازی جاری رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنی تیسری نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے پشاور زلمی کو جیت سے ہمکنار کردیا.

تمیم اقبال نے 58 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے اور شاہد یوسف 27 رنز بنا کر دوسرے کامیاب بلے باز رہے.

پشاور زلمی نے مطلوبہ ہدف تمیم اقبال کی شاندار بلے بازی کے بدولت 19 ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا.

تمیم اقبال کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

اس جیت کے ساتھ ہی پشاور زلمی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آگئی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلی گئی.

قبل ازیں پشاور زلمی نے حتمی ٹیم میں جنید خان اور جم ایلنبی کو پہلی دفعہ ٹیم کا حصہ بنایا.

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کی ٹیم میں واپسی ہوئی جبکہ گزشتہ میچ میں شامل فاسٹ باؤلر محمد عرفان کو آرام دے کر محمد سمیع کو واپس ٹیم میں شامل کیا گیا. اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی ٹیم میں سیموئیل بدری اور آصف علی کو بھی موقع دیا.

پشاور زلمی اب تک 3 میچوں میں کامیابی کے ساتھ ٹورنامنٹ میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 2 کامیابیوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں