پاکستان ہاکی ٹیم کی ہندوستان کو فائنل میں شکست

اپ ڈیٹ 12 فروری 2016
پاکستان ہاکی ٹیم نے 2004 اور 2010 کے جنوبی ایشیائی گیمز کے فائنل میں ہندوستان کو شکست دی تھی—فوٹو: اے پی
پاکستان ہاکی ٹیم نے 2004 اور 2010 کے جنوبی ایشیائی گیمز کے فائنل میں ہندوستان کو شکست دی تھی—فوٹو: اے پی

گوہاٹی: پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی ایشیائی گیمز کے فائنل میں اویس الرحمٰن کے شاندار گول کے بدولت ہندوستان کو1-0 سے شکست دے کر تیسری دفعہ گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔

ہندوستان کے شہر گوہاٹی میں جاری 12 ویں جنوبی ایشیائی گیمز کے ہاکی مقابلوں کے فائنل میں پاکستان نے میزبان ہندوستان کو آغاز سے شدید دباؤ میں رکھا اور روایتی حریف کے خلاف گول کرنے کی متعدد بار کو شش کی تاہم ہندوستانی گول کیپر نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور کئی حملے پسپا کردیے۔

پاکستان ٹیم پورے میچ میں حاوی رہی تاہم پہلے ہاف کے آخری لمحات میں اویس الرحمٰن نے گول داغ کر قومی ٹیم کو برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

دوسرے ہاف میں دونوں جانب سے گول کرنے کے لیے تابڑ توڑ کوششیں کی گئیں لیکن بارآور ثابت نہ ہوسکی اور میچ مقررہ وقت پر پاکستان کی برتری کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔

پاکستان نے گروپ مقابلوں میں ہندوستان کو 2-1 سے شکست دی تھی.

پاکستان اس سے قبل 2004 میں کولمبو اور 2010 میں ڈھاکا میں جنوبی ایشائی گیمز کے فائنل میں ہندوستان کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کر چکا ہے، رواں گیمز میں ایک دفعہ پھر ہندوستان کو شکست دے کر ہیٹ ٹرک کرلی۔

12 ویں جنوبی ایشیائی گیمز 2016 کے مختلف مقابلوں میں میزبان ہندوستان 146 گولڈ اور مجموعی طورپر249 تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ سری لنکا کا 157 تمغوں کے ساتھ تیسرا نمبر ہے جس میں 25 سونے کے تمغے شامل ہیں۔

پاکستان 8 سونے کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر157 تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں