مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کے علاقے کوٹلی میں ریاستی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور وفاق کی حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے.

واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پیپلز پارٹی کی ایک ریلی کوٹلی کے علاقے نکیال بازار سے گزر رہی تھی، مبینہ طور پر حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے کارکن بھی وہاں پہنچے، دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے تصادم کے دوران ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا، جس کے نتیجے میں موقع پر موجود ایک شخص منشی خان ہلاک ہوگیا.

واقعے میں زخمی ہونے والے 5 افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال (ڈی ایچ کیو) کوٹلی منتقل کیا گیا.

مذکورہ شخص کی ہلاکت کی وجوہات کے حوالے سے متضاد رپورٹس دیکھنے میں آئیں، کچھ کا خیال تھا کہ ہلاکت آنسو گیس کی شیلنگ سے ہوئی جبکہ کچھ کا کہنا تھا کہ پتھراؤ ہلاکت کی وجہ بنا.

ڈی آئی جی میرپور سردار گلفراز خان نے ڈان کو بتایا کہ 60 سالہ شخص کی لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد ہی موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جائے گا.

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ واقعے میں ہلاک ہونے والا شخص ان کا کارکن تھا، تاہم ایک مقامی صحافی کے مطابق متوفی ایک مقامی مزدور تھا، جس کے تعلق راولپنڈی ڈویژن سے تھا.

تصادم سے قبل پیپلز پارٹی رہنما اور ریاستی وزیر خوراک جاوید بڈھانوی کے انتخابی حلقے میں نکیال کے مقام پر وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید سمیت اہم رہنماؤں نے ایک بڑے سیاسی کنونشن سے خطاب بھی کیا تھا.

عینی شاہدین کے مطابق کنونشن میں 5 ہزار کے قریب لوگوں نے شرکت کی.

واضح رہے کہ رواں موسم گرما میں آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات ہونے جارہے ہیں.

آزاد جموں و کمشیر کی حکومت نے اے جے کے کونسل کی سفارش پر منگل کو اے جے کے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس غلام مصطفیٰ مغل کی بطور چیف الیکشن کمشنر تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا.

خیال رہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عبوری آئین کی رو سے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اے جے کے کونسل کی ایڈوائز پر حکومت کی جانب سے کی جاتی ہے، جبکہ اے جے کے کونسل کی سربراہی وزیراعظم پاکستان کرتے ہیں.

تاہم آزادکشمیر میں چیف الیکشن کمشنر کے حلف اٹھانے سے پہلے ہی نکیال میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں تصادم سے سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے.

آزاد جموں و کمشیر میں اس وقت پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، جبکہ مسلم لیگ نے مسلم کانفرنس کے ساتھ اپوزیشن اتحاد کر رکھا ہے، اے جے کے اسمبلی کی 48 سیٹوں میں سے 11 مسلم لیگ (ن) اور 5 مسلم کانفرنس کے پاس ہیں.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں