کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کراچی کنگز کوایک اور شکست

اپ ڈیٹ 13 فروری 2016
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل میں پانچویں فتح حاصل کی—فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل میں پانچویں فتح حاصل کی—فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

شارجہ: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 14ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پانچویں فتح حاصل کرلی.

شارجہ کرکٹ اسٹیدیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگزکےکپتان شعیب ملک نےٹاس جیت کرپہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

کراچی کنگز کا آغاز اچھا ثابت نہیں ہوا، 16 کےاسکورپر نعمان انور کی صورت میں کراچی کی پہلی وکٹ گری ، جنھوں نے 6 رنز بنا ئے تھے۔

دوسری وکٹ کی شراکت میں کپتان شعیب ملک اور جیمز وینس نے 47 رنز جوڑے تاہم وینس 23 رنز بنا کر گرانٹ ایلیٹ کا شکار بنے جبکہ شعیب ملک نے کراچی کنگز کااسکور 86 رنز تک پہنچایا۔

شعیب ملک 45 رنز بنا کر محمد نبی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، احمد شہزاد نے ان کا بہترین کیچ لیا۔

کپتان کے آؤٹ ہوتے ہی کراچی کنگز کے بلے باز گرانٹ ایلیٹ کے سامنے بے بس دکھائی دیے اور مسلسل آؤٹ ہوتے رہے، شکیب الحسن 10، سہیل تنویر 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

گزشتہ دو میچوں میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے روی بوپارا نے کچھ مزاحمت ضرور کی لیکن 14 رنز سے آگے نہیں بڑھ سکے ان کو بھی گرانٹ ایلیٹ نے شکار بنایا اس وقت کراچی کنگز کا اسکور 111 رنز تھا۔

عماد وسیم آؤٹ ہونے والے ساتویں کھلاڑی تھے جو 2 رنز بنا کر ذوالفقار بابر کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے، اسامہ میر صفر اور مشفق الرحیم 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا سکی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی کنگز کی جانب سے دیے گئے 127 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز لیوک رائٹ اور احمد شہزاد نے 33 رنز کی شراکت قائم کرکے جیت کے لیے راستہ ہموار کیا.

لیوک رائٹ 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ احمد شہزاد نے کیون پیٹرسن کے ساتھ دوسری وکٹ میں مزید 33 رنز کا اضافہ کیا اور 41 رنز بنا کر اسامہ میر کی جادوئی اسپین گیند کا نشانہ بن گئے.

کیون پیٹرسن 95 کے اسکور پر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان کی مختصر اننگز میں دو بلند و بالا چھکے بھی شامل تھے.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باؤلنگ میں کامیابیاں دلانے والے گرانٹ ایلیٹ آؤٹ ہونے والے چوتھے بلے باز تھے جو صرف 5 رنز بنا سکے انھیں شکیب الحسن نے آؤٹ کیا، 117 کے اسکور پر محمد نواز 6 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے.

کپتان سرفراز نے انور علی کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کی شراکت میں دس رنز بنا کر127 رنز کا ہدف عبور کیا اور ٹیم کو 5 وکٹوں سے پانچویں فتح دلا دی.سرفراز 29 اور انور علی 6 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے.

گرانٹ ایلیٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کراچی کنگز کے خلاف یہ دوسری اور مجموعی طورپر پانچویں کامیابی ہے جبکہ واحد ناکامی لاہور قلندرز سے ہوئی تھی. گلیڈی ایٹرز نے ٹورنامنٹ میں اب تک 6 میچز کھیلے ہیں.

دوسری جانب کراچی کنگز کو اپنے کھیلے گئے 6 میچوں میں سے 3 میں شکست اور دو میچوں میں فتح نصیب ہوئی.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں