کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع سبی میں ایک ٹارگٹڈ آپریشن میں 10 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے مبینہ طور پر سبی کے علاقے سنگان میں ایک آپریشن کے دوران جھڑپ میں 10 ملزمان کو ہلاک جبکہ 12 مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کر لیا۔

ایک سیکیورٹی ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ فورسز نے سنگان میں عسکریت پسندوں کےزیر استعمال تین ٹھکانے بھی مسمار کیے۔'آپریشن میں ایک اہم عسکریت پسند کمانڈر بھی مارا گیا'۔

ادھر، بلوچستان حکومت کے ترجمان انوار الحق کاکڑ نے ڈان نیوز کو بتایا کہ سبی میں سیکیورٹی فورسز نے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے ایک اہم کمانڈر اسلم اچھو کو ہلاک کر دیا۔

کاکڑ کے مطابق، اسلم زیارت میں قائد اعظم کی تاریخی رہائش گاہ پر حملے میں مبینہ طور پر ملوث تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے مارے جانے والے مشتبہ عسکریت پسندوں کے قبضے سے راکٹ، بموں، آئی ای ڈیز سمیت بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعوی کیا۔

سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ ہلاک اور گرفتار ہونے والے تمام 'عسکریت پسند' علاقے میں سرگرم ایک کالعدم تنظیم سے تعلق رکھتے تھے۔ گرفتار ملزمان کو تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں