ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کو اننگ سے شکست کا خطرہ

اپ ڈیٹ 14 فروری 2016
ایڈم ووجز کا ڈبل سنچری کی تکمیل کے بعد ایک انداز۔ فوٹو اے پی
ایڈم ووجز کا ڈبل سنچری کی تکمیل کے بعد ایک انداز۔ فوٹو اے پی

ویلنگٹن: ایڈم ووجز کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے جہاں کیویز اننگ سے شکست کے خطرے سے دوچار ہیں۔

ویلنگٹن میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے 463 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگ دوبارہ شروع کی تو ایڈم ووجز 176 اور پیٹر سڈل 29 رنز ہر کھیل رہے تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور جلد ہی ایڈم ووجز نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کر لی۔

آسٹریلیا کو ساتواں نقصان 494 کے اسکور پر سڈل کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہوں نے 49 رنز بنائے۔

تاہم دوسرے اینڈ پر موجود ووجز نے کیوی باؤلرز کاامتحان لینے کا سلسلہ جاری رکھا اور جوش ہیزل وڈ اور ناتھن لایون کی وکٹیں گرنے کے باوجود بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا۔

بالآخر 562 کے مجموعے پر آسٹریلین بلے باز کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ تین چھکوں اور 3 چوکوں سے مزین 239 رنز کی میراتھن اننگ کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدھی، ٹرینٹ بولٹ، ڈگ بریسویل، کوری اینڈرسن اور مارک کریگ نے دو دو وکٹوں کا بٹوارا کیا۔

562 رنز پر آؤٹ ہونے والی آسٹریلین ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگ میں 379 رنز کی برتری حاصل کی جہاں میزبان ٹیم پہلی اننگ میں صرف 183 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی تھی۔

پہلی اننگ کی نسبت نیوزی لینڈ اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 81 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، گپٹل آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو 45 رنز بنا کر ناتھن لایون کی وکٹ بنے۔

گزشتہ سال کے سب سے کامیاب بلے باز کین ولیمسن زیادہ دیر وکٹ پر قیام نہ کر سکے اور 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ٹام لیتھم اچھی فارم میں نظر آرہے تھے لیکن 157 کے مجموعی اسکور پر ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 63 رنز بنانے کے بعد لایون کی دوسری وکٹ بنے۔

تاہم آسٹریلیا کو سب سے بڑی کامیابی اس وقت ملی جب ویلنگٹن میں اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کپتان برینڈن میک کولم ایل بی ڈبلیو قرار پائے، انہوں نے اس موقع پر ریویو بھی لیا جو کسی کام نہ آیا۔

میک کولم کے آؤٹ ہونے کے ساتھ امپائرز نےدن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا، تیسرے دن کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے چار وکٹ پر 178 رنز بنائے تھے جبکہ اسے اننگ کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 201 رنز درکار ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں