ویسٹ انڈیز پہلی مرتبہ انڈر19 ورلڈ کپ چیمپیئن

14 فروری 2016
انڈر19 ورلڈ کپ چیمپیئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا گروپ فوٹو۔ اے ایف پی
انڈر19 ورلڈ کپ چیمپیئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا گروپ فوٹو۔ اے ایف پی
ویسٹ انڈین باؤلر کیمار ہولڈر وکٹ لینے کے بعد جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
ویسٹ انڈین باؤلر کیمار ہولڈر وکٹ لینے کے بعد جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

میرپور: ویسٹ انڈیز نے ہندوستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر پہلی مرتبہ انڈر19 ورلڈ کپ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں باؤلنگ کیلئے سازگار سرسبز وکٹ پر ویسٹ انڈین کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جسے باؤلرز نے درست ثابت کر دکھایا۔

ہندوستانی ٹیم کا آغاز انتہائی تباہ کن تھا اور الزاری جوزف کی تباہ کن باؤلنگ کے سبب صرف 50 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

اس موقع پر سرفراز خان نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ مہی پال لوم رور 19 اور راہول باتھم 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ہندوستان کی پوری ٹیم 46ویں اوور کی پہلی گیند پر 145 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جوزف اور ریان جون نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

ایک آسان ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم صرف پانچ رنز پر پہلی وکٹ گنوا بیٹھی۔

ٹیون املاک اور شمرون ہٹ میئر نے اسکور کو 28 تک پہنچایا تاہم خلیل احمد نے املاک کی اننگ کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد ہٹ میئر اور کیسی کارٹی نے 39 رنز جوڑ کر ہدف کی جانب پیش قدمی شروع کی لیکن اس موقع پر ماینک ڈاگر نے یکے بعد دیگرے تین وکٹیں حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کیمپ میں ہلچل پیدا کردی۔

77 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم مشکلات سے دوچار تھی لیکن کارتی اور کیمو پال نے شاندار شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی ہدف رسائی ممکن بنائی۔

دونوں کھلاڑیوں نے ناقابل شکست 69 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو میچ میں فتح دلانے کے ساتھ ساتھ پہلی مرتبہ انڈر19 ورلڈ کپ کا چیمپیئن بنوا دیا۔

ویسٹ انڈیز کے کیسی کارتی کو ناقابل شکست 52 رنز کی اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بنگلہ دیش کے مہدی حسن مرزا کو ایونٹ میں 242 رنز بنانے اور 12 وکٹیں لینے پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں