اسلام آباد کی کراچی کو پانچ وکٹ سے شکست

اپ ڈیٹ 14 فروری 2016
کپتان مصباح الحق نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔
کپتان مصباح الحق نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔

شارجہ: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے اہم میچ میں مصباح الحق اور آصف علی کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی.

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کہا کہ اس وکٹ پر ابتدا میں بیٹنگ کرنا مشکل ہو گا، اسی لیے ہم نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے.

کراچی کنگز کو ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور عمران خالد کی شاندار باؤلنگ کے سبب کراچی کی ٹیم صرف دو رنز پر دو وکٹیں گنوا بیٹھی۔

شاہ زیب حسن نے جارحانہ انداز اپنایا اور روی پوبارہ کے ساتھ اسکور کو 47 تک پہنچایا لیکن محمد سمیع نے 27 رنز بنانے والے بلے باز کی پیش قدمی روک دی۔

اس دوران یونائیٹڈ کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب کراچی کی ٹیم کو تیزی سے رنز بنانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بنگلہ دیش سے آئے مشفیق الرحیم نے بوپارہ کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے 60 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی بہتر مجموعے تک رسائی کی راہ ہموار کی، مشفیق تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں آندرے رسل کو وکٹ دے بیٹھے۔

پاکستان سپر لیگ میں پہلا میچ کھیلنے والے اظہر محمود نے روی بوپارہ کو آؤٹ کر کے ایونٹ میں پہلی وکٹ حاصل کی، انہوں نے 45 رنز بنائے۔

اسلام آباد کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب کراچی کے بلے باز کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے اور مقررہ اوورز میں صرف 128 رنز بنا سکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عمران خالد دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ایک آسان ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی ٹیم 19 رنز پر تین وکٹیں گنوا کر شدید مشکلات سے دوچار تھی.

اس مشکلے وقت میں مصباح الحق اور خالد لطیف نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے.

خالد لطیف کریز سے باہر نکلنے کی کوشش میں اسٹمپ ہوئے، انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 33 رنز کی اننگ کھیلی.

مصباح الحق کا ساتھ نبھانے آصف علی پہنچے اور دونوں نے ٹیم کی سنچری مکمل کرا دی لیکن جلد ہی مصباح چھکا لگانے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے .

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید کراچی کی ٹیم میچ میں واپسی کرتے ہوئے سرخرو ہو جائے لیکن آصف علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کنگز کے ارمان خاک ملا دیے.

آصف نے تین چھکوں کی مدد سے 31 رنز کی اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو سات گیند قبل ہی پانچ وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرا دیا.

عمران خالد کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا.

اس میچ میں شکست کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے چلی گئی ہے. کوائٹہ گلیڈی ایٹر پہلے، پشاور زلمی دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے جبکہ لاہور قلندرز چوتھے نمبر پر براجمان ہے.

اس سے قبل میچ کیلئے دونوں ٹیموں نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں جہاں کراچی نے سہیل تنویر کی جگہ محمد عامر اور نعمان انور کی جگہ شاہزیب حسن کو ٹیم میں شامل کیا ہے.

اسلام آباد نے انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والے شین واٹسن کی جگہ اظہر محمود جبکہ سعید اجمل کی جگہ عمران خالد کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں