شارجہ: پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اسد شفیق اور احمد شہزاد نے 40 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

تاہم، وہاب ریاض اور شاہد آفریدی کی بہترین باؤلنگ کے سبب کوئٹہ کی ٹیم اگلے 29 رنز پر نو وکٹیں گنوا بیٹھی۔

69 رنز کے ٹوٹل سکور پر نو وکٹیں گرنے کے بعد گرانٹ ایلیٹ اور ذوالفقار بابر نے عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے دسویں وکٹ کیلئے 63 رنز کی شراکت قائم کی. اس سے قبل دسویں وکٹ کیلئے 59 رنز کی شراکت کا ریکارڈ تھا.

ایلیٹ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ذوالفقار بابر نے 20 رنز بنائے.

کوئٹہ کی ٹیم 129 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے سات رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں.

جواب میں پشاور کے محمد حفیظ اور ڈیوڈ ملن کی 60 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ نے باقی آنے والے بلے بازوں کیلئے ہدف کا تعاقب آسان بنا دیا۔

حفیظ نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رنز بنائے جبکہ ملن 52 گیندوں پر 60 ناٹ آؤٹ رہے۔

حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد ملن نے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل (17) کے ساتھ مل کر مزید 54 رنز جوڑے۔

کوئٹہ کی جانب سے ذوالفقار اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

وہاب اور شہزاد میں جھگڑا

کوئٹہ کی اننگز کے پانچویں اوور میں صورتحال اس وقت عجیب ہو گئی جب پشاور کے باؤلر وہاب ریاض اور کوئٹہ کے بلے باز احمد شہزاد بولڈ ہونے کے بعد آپس میں الجھ گئے۔

احمد شہزاد نے پانچویں اوور کی پہلی ہی گیند پر وہاب ریاض کو چھکارسید کیا تو اگلی ہی گیند پر وہ بولڈ بھی ہو گئے ۔

تاہم صورتحال اس وقت عجیب ہو گئی جب وہاب ریاض اور احمد شہزاد جھگڑ پڑے اور ایک دوسرے کو دھکا بھی دیا۔ اس موقع دیگر کھلاڑی فوراً آگے بڑھے اور دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں