کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر ون ڈے سیریز 2-3 سے اپنے نام کر لی۔

نیو لینڈز میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اوپنر الیکس ہالس کی سینچری کے باوجود مہمان ٹیم 45 اوورز میں 236 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پہلی 3 وکٹیں 22 رنز پر گر گئیں لیکن اس موقع پر اپنا 200واں میچ کھیلنے والے کپتان اے بی ڈیولئیرز اور ہاشم آملہ نے چوتھی وکٹ کی پارٹنر شپ میں 125 رنز بناتے ہوئے اننگز کو استحکام بخشا۔

آملہ 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 101 رنز بنا کر ٹیم کو 36 گیندیں قبل ہی جیت دلا دی۔

ڈیولئیر 94 گیندوں پر 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 ویں سینچری بنا کر دونوں ٹیموں میں واضح فرق ثابت ہوئے۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ پہلی ایسی ٹیم ہے جس نے 2005 میں پاکستان کے خلاف 0-2 سے نیچے جانے کے بعد کوئی ون ڈے سیریز جیتی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں