پشاور:سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ضرب عضب کے حتمی مرحلے میں شمالی وزیرستان کی وادی ِشوال کے 650 مربع کلومیٹر کو کلیئر کر دیا ہے۔

یہ بات منگل کو علاقے کا دورہ کرنے والے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو بتائی گئی۔

جنرل راحیل نے آپریشن کے آخری مرحلے میں وادی شوال میں ہونے والی پیش رفت اور کامیابیوں پر اطمینان ظاہر کیا۔

انہوں نے ملک بھر میں دہشت گردی اور شدت پسندی کی لعنت اور عسکریت پسندوں کے ٹھکانے ختم ہونے تک آپریشن جاری رکھنے کا عزم بھی دہرایا۔

منگل کو پشاور کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے میران شاہ میں آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے ایک جاری بیان میں بتایا گیا کہ جنرل راحیل کو اس موقع پر آپریشن میں پیش رفت، آئی ڈی پیز کی واپسی اور علاقے میں فوج کے ترقیاتی اور بحالی پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔

جنرل راحیل نے ملک کے باقی شہری علاقوں میں دہشت گردوں کے سلیپر سیل تباہ کرنے پر خفیہ ایجنسیوں کی تعریف کی۔

انہوں نے شوال آپریشن کے دوران حوصلہ، عزم اور قربانی کے جذبات دکھانے والے تمام افسروں اور سپاہیوں کو داد دی۔

انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ آئی ڈی پیز کی باعزت اور جلد واپسی کو یقینی بنائے جائے۔

جنرل راحیل نےمیران شاہ میں شاندار اور جدیدیونس خان اسپورٹس کامپلکس کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔اس موقع پر مشہور کرکٹر یونس خان بھی موجود تھے۔

بعد میں آرمی چیف نے زیر تعمیر میران شاہ بازار کا دورہ کرتے ہوئے آرمی انجینئرز کی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کی۔

خیال رہے کہ اس بازار کو آپریشن ضرب عضب کے کلیئرنس مرحلے میں نقصان پہنچا تھا اور اب فوج علاقے میں معاشی سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے اسے دوبارہ تعمیر کر رہی ہے۔

تعمیر مکمل ہونے کے بعد بازار کی دکانیں مقامی قبائلیوں کو دے دی جائیں گی۔

یہ خبر 23 مارچ، 2016 کے ڈان اخبار سے لی گئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں