عاقب جاوید یو اے ای کی کوچنگ سے مستعفی

اپ ڈیٹ 20 اپريل 2016
عاقب جاوید پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے خواہشمند ہیں– فوٹو: اے ایف پی
عاقب جاوید پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے خواہشمند ہیں– فوٹو: اے ایف پی

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاید نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

عاقب جاوید نے 2012 میں یو اے ای کے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالا اور ان کی کوچنگ میں یو اے ای کی ٹیم میں نمایاں بہتری نظر آئی۔

ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ وہ بطور ڈائریکٹر کرکٹ لاہور قلندر سے منسلک ہو رہے ہیں، جس کے لیے وہ رواں ہفتے لاہور آئیں گے۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ وہ اس سلسلے میں لاہور قلندرز کے مالکان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

قلندرز کے ایگزیکٹو عاطف رانا نے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی ٹیم عاقب جاوید سے رابطے میں ہے اور ایک ہفتے میں معاملات طے ہو جائیں گے لیکن ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

ہیڈ کوچ کی حیثیت سے پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کے سوال پر عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان سے اس سلسلے میں رابطہ نہیں کیا، لیکن وہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے خواہشمند ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عاقب جاوید کو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے تاہم کرکٹ بورڈ کے غیر ملکی کوچ کی جانب جھکاؤ کو دیکھتے ہوئے انہوں نے خفگی کا اظہار کیا اور کوچنگ کے عہدے کیلئے درخواست دینے سے انکار کردیا۔

مزید پڑھیں: پی سی بی دوبارہ عاقب کا اعتماد حاصل کرنے کا خواہاں

2010 میں ہونے والی اسپاٹ فکسنگ کے تناظر میں عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو اس سال انگلینڈ کے طویل دورے کے حوالے سے ابھی سے حکمتِ عملی ترتیب دینی ہوگی اور کھلاڑیوں کو اسکینڈلز سے بچانے کیلئے اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم تو ٹھیک ہے لیکن ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے عاقب جاوید 1992 میں عمران خان کی قیادت میں ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے، انھوں نے 1988 سے 1998 کے درمیان پاکستان کی جانب سے 22 ٹیسٹ اور 163 ون ڈے میچ کھیلے۔

وہ ماضی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں