پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کےاضافے کی کوششیں

21 اپريل 2016
نجم سیٹھی کا کہنا ہےکہ پی ایس ایل کے ایک یا دو میچ پاکستان کرنے کی کوشش کررہے ہیں—فوٹو: اے ایف پی
نجم سیٹھی کا کہنا ہےکہ پی ایس ایل کے ایک یا دو میچ پاکستان کرنے کی کوشش کررہے ہیں—فوٹو: اے ایف پی

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ لیگ میں چھٹی ٹیم کے اضافے کے لیے غور کیا جا رہا ہے جبکہ لیگ کے دوسرے سیزن کا انعقاد فروری 2017 میں دبئی اور شارجہ میں ہی ہوگا۔

ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام اور خود انھوں نے دبئی اور شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کی انتظامیہ سے ملاقات میں معاملات کو حتمی شکل دی ہے۔

پی سی بی اگیزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ اور لیگ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم کی شمولیت پر بھی غور کیا جارہا ہے لیکن اس کا انحصار موجودہ پانچ فرنچائزوں کی رائے پر ہوگا۔

پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد پر مشتمل پانچ ٹیمیں شامل تھیں جہاں کھلاڈیوں کا انتخاب برابری کی بنیاد پر ڈرافٹنگ کےذریعے کیا گیا تھا۔

پی ایس ایل کے پہلے کامیاب ایڈیشن کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے ویزا ہوگی، اور ،مستقبل میں ٹیموں کے اضافے پر غور کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: 'پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کا ویزا ہے'

انھوں نے کہا کہ وہ اپنے بیان کے مطابق کوشش کررہے ہیں کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے ایک یا دو میچوں کا انعقاد پاکستان میں ممکن ہوسکے۔

لیگ میں ہندوستان کے علاوہ دنیائے کرکٹ کی صفِ اول ٹیموں کے نامور کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا اور کرس گیل سمیت کئی کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کو پاکستان کے بجائے متحدہ عرب امارات میں منعقد کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث پی ایس ایل کو متحدہ عرب امارات میں منعقد کرنے کے حوالے سے کرس گیل نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہر کھلاڑی اور مداحوں کے لیے دلخراش بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان کے کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگوں سے ان کے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی کمی پر ہمدردی ہے، مجھے امید ہے کہ مستقبل قریب میں پی ایس ایل کا انعقاد پاکستان میں ہو گا.

مزید پڑھیں: 'پی ایس ایل کے نتائج دور رس ہوں گے'

نجم سیٹھی نے بتایا کہ پی سی بی گورننگ بورڈ کے آئندہ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کی مکمل مالی تفصیلات فراہم کردی جائے گی جس میں پہلے ایڈیشن کے اچھے منافع کا مکمل تفصیلات ہوں گی۔

پی ایس ایل کا پہلا سیزن قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیت لیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

شریف ولی کھرمنگی۔ Apr 21, 2016 11:34pm
ایک ٹیم گلگت بلتستان کے نام سے ہونی چاہئے۔ تاکہ اس علاقے کا بھی نام دنیا کو روشن ہو جو پاکستان کا سب سے خوبصورت مگر نظر انداز کیا ہو ا خطہ ہے۔