کیلوں کی سجاوٹ سے ایک لاکھ ڈالر کمائی

27 اپريل 2016
ڈیوونٹے ولسن اپنے کیلے کے ہمراہ—۔فوٹو/ بشکریہ دلاس آبزرور
ڈیوونٹے ولسن اپنے کیلے کے ہمراہ—۔فوٹو/ بشکریہ دلاس آبزرور

ٹیکساس: زیادہ تر لوگ کیلوں کو صرف کھانا ہی پسند کرتے ہیں، لیکن امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک نوجوان ڈیوونٹے ولسن کا مشغلہ کیلوں کو نہایت خوبصورتی سے سجا کر فروخت کرنا ہے، جس کی کم سے کم قیمت 10 ڈالر (تقریباً 1000روپے) فی کیلا ہے۔

ایک ہسپتال میں الیکٹروکارڈیوگرام ٹیکنیشن کے طور پر کام کرنے والے ولسن اپنے آفس میں 'کیلے پر مزاحیہ شکلیں بنانے والے' کے نام سے مشہور تھے اور ان کے اس شوق کا کافی مذاق بھی اڑایا جاتا اور پھر اچانک انھیں اس کاروبار کا خیال آیا۔

فوٹو/بشکریہ فیس بک—.
فوٹو/بشکریہ فیس بک—.

امریکی چینل این بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے ولسن نے بتایا، 'یہ سجاوٹ کیلے کو ایک شخصیت دیتی ہے، میں جب یہ کام کر رہا ہوتا تو لوگ میرے پاس سے گزرتے اور پوچھتے کہ میں کیلے پر یہ کیا بنا رہا ہوں۔'

اپنے کام پر ملنے والی پذیرائی کے حوالے سے ولسن کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی انتہائی حیران ہیں کہ آپ اتنی آسان چیز کی شروعات کریں اور دنیا بھر میں لوگ اسے پسند کریں۔

فوٹو/بشکریہ فیس بک—.
فوٹو/بشکریہ فیس بک—.

ولسن نے اپنے اس شوق کو کاروبار کی شکل دی اور لوگوں کے من پسند ڈیزائن کے کیلے تیار کرکے فروخت کرنا شروع کیے، جس سے وہ سالانہ 1 لاکھ ڈالر کماتے ہیں۔

ولسن کیلوں کی سجاوٹ اور تزئین و آرائش کے لیے نقلی مونچھیں، چشمے، داڑھی، بال اور مختلف اشیاء کا استعمال کرتے ہیں اور پھر اسے اپنی ویب سائٹ پر فروخت کے لیے پیش کردیتے ہیں۔

فوٹو/بشکریہ فیس بک—.
فوٹو/بشکریہ فیس بک—.

انہوں نے صارفین کو اپنی ویب سائٹ پر یہ سہولیت بھی فراہم کی ہے کہ وہ اپنی مرضی کا ڈیزائن بنائیں یا منتخب کریں اور کیلے پر اپنی مرضی کے الفاظ لکھوائیں۔

ولسن ایک دن میں 75 کیلوں پر کام کرتے ہیں اور انہیں پلاسٹک میں لپیٹ کر اپنے گاہکوں کو فروخت کرتے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں