ولیمسن نیوزی لینڈ ٹیسٹ ٹیم کے بھی کپتان مقرر

28 اپريل 2016
کین ولیمسن نے 2010 میں ہندوستان کے خلاف ڈیبیو کیا تھا۔ فوٹو اے پی
کین ولیمسن نے 2010 میں ہندوستان کے خلاف ڈیبیو کیا تھا۔ فوٹو اے پی

ویلنگٹن: مایہ ناز کیوی بلے باز کین ولیمسن کو برینڈن میک کولم کی جگہ نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کا نیا قائد مقرر کردیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دنیائے کرکٹ میں ایک بڑی طاقت کی شکل دینے والے برینڈن میک کولم نے فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

2010 میں ہندوستان کے خلاف ڈیبیو کرنے والے کین ولیمسن کو ایک عرصے سے میک کولم کا جانسشین تصور کیا جا رہا تھا جہاں وہ پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچوں میں کیوی ٹیم کی باگ ڈور سنبھال چکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ ولیمسن ایک عرصے سے ٹیم میں ایک لیڈر کی حیثیت سے ہیں اور پہلے ہی خود ایک انتہائی قابل کپتان ثابت کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ سوچ کی وجہ سے ساتھی کھلاڑی اور کرکٹ حلقے میدان اور میدان سے باہر ان کی بہت عزت کرتے ہیں۔ ہندوستان میں انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے کیلئے موجود ولیمسن نے کہا کہ وہ میک کولم کی نقش قدم پر چلتے ہوئے ٹیم کو تیار کرنا چاہتے ہیں، یہ میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیم مزید کارہائے نمایاں انجام دے سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ولیمسن کی زیر قیادت حال ہی میں ختم ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اور اس ٹورنامنٹ اسپن باؤلرز کے بہترین طریقے سے استعمال پر ولیمسن کی صلاحیتوں کو کافی سراہا گیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں