ویسے تو ہر موبائل فون کو چارج کرنا ضروری ہوتا ہے مگر کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ بجلی کی جگہ پودے یہ کام کرسکتے ہیں؟

نہیں تو نظرثانی کرلیں کیونکہ بہت جلد آپ اپنے فون کو ایک پودے سے بھی چارج کرسکیں گے۔

جی ہاں ایک یورپی کمپنی ایسے سسٹم پر کام کررہی ہے جس کی مدد سے پودوں کے ذریعے فون کو چارج کیا جاسکے گا۔

اس سسٹم کو بیوو لائٹ کا نام دیا گیا جو فوٹو سینتھیسز سے پاور حاصل کرکے پانی، مٹی اور کسی بھی عام گھریلو پودے کو استعمال کرتے ہوئے بجلی پیدا کرتا ہے۔

اس سسٹم سے پیدا ہونے والی بجلی ایک لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے یو ایس بی چارج کے برابر ہوتی ہے اور اس کی مدد سے 24 گھنٹوں تک لگاتار اسمارٹ فونز یا ٹیبلیٹس کو چارج کیا جاسکتا ہے۔

اس کی تیکنیکی تفصیلات تو کافی مشکل ہیں تاہم آپ اس کمپنی کی جاری کردہ ویڈیو میں اس کا طریقہ کار دیکھ سکتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے ذریعے کسی بھی پودے سے اسمارٹ فون کو کم از کم پانچ سال تک دن میں دو یا تین بار چارج کیا جاسکے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کچھ پودے دیگر کے مقابلے میں زیادہ بجلی پیدا کرتے ہیں۔

اس سسٹم کو دسمبر میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا اور اس کی قیمت 135 ڈالرز کے قریب ہوگی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں