نیلسن منڈیلا ایوارڈ سوات کی خاتون کے نام

30 اپريل 2016
نیلسن منڈیلا ایوارڈ حاصل کرنے والی پاکستانی خاتون تبسم عدنان — فوٹو: بشکریہ CIVICUS Alliance
نیلسن منڈیلا ایوارڈ حاصل کرنے والی پاکستانی خاتون تبسم عدنان — فوٹو: بشکریہ CIVICUS Alliance

سوات: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات سے تعلق رکھنے والی تبسم عدنان کو خواتین کے حقوق کے لیے اہم کردار ادا کرنے پر کولمبیا کے دارالحکومت بگوٹا میں نیلسن منڈیلا ۔ گراکا میچل انوویشن ایوارڈ 2016 سے نوازا گیا۔

ایوارڈ سے نوازے جانے کے بعد کولمبیا سے ڈان سے بات کرتے ہوئے تبسم عدنان نے کہا کہ وہ یہ ایوارڈ پاکستان کے نام کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ملک میں ان تمام لوگوں کی شکر گزار ہیں، جنہوں نے ان کے مقصد میں ان کا ساتھ دیا، جبکہ وہ آج بطور پاکستانی خاتون یہ ایوارڈ حاصل کرکے فخر محسوس کر رہی ہیں۔

تبسم عدنان کو یہ ایوارڈ 25 سے 28 اپریل تک جاری رہنے والے انٹرنیشنل سول سوسائٹی ویک (آئی سی ایس ڈبلیو) کے آخری دن انفرادی کارکن کی کیٹیگری میں دیا گیا۔

تبسم عدنان کی شادی 13 سال کی کم عمر میں شادی کردی گئی تھی، شادی کے بعد انہیں کئی بار گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بالآخر 20 سال بعد انہوں نے اپنے ظالم شوہر سے طلاق لے لی۔

طلاق کے بعد تبسم عدنان نے ’خویندو جرگہ (بہنوں کا جرگہ) کے نام سے ایک این جی او کا آغاز کیا، یہ صرف خواتین پر مشتمل جرگہ تھا جہاں خواتین ہفتے میں ایک بار مل کر خواتین پر ڈھائے جانے ظلم، غیرت کے نام پر قتل، تیزاب سے حملے اور سوارا (مرد کے جرم کے بدلے خاتون کو دینا) جیسے مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جاتا۔

تمام کیٹیگریز میں ایوارڈ حاصل کرنے والوں کا گروپ فوٹو۔ — بشکریہ: CIVICUS Alliance
تمام کیٹیگریز میں ایوارڈ حاصل کرنے والوں کا گروپ فوٹو۔ — بشکریہ: CIVICUS Alliance

اس جرگے نے بعد ازاں ایک آگاہی مہم کا آغاز کیا، جس میں خواتین کے تحفظ، ان کے ووٹ دینے کے حق، جبکہ تشدد کی شکار خواتین کو مفت قانونی مدد فراہم کی جانے لگی اور جرگے نے کامیابی سے خواتین کے خلاف تشدد اور سوارا کے کئی کیسز نمٹائے۔

رواں سال نیلسن منڈیلا ایوارڈ نوجوان کارکن، انفرادی کارکن، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور انسان دوستی کی کٹیگریز میں دیئے گئے۔

تبسم عدنان، خواتین کے حقوق کے لیے انتھک کوششوں اور خدمات پر 2015 میں ’سیکریٹری آف اسٹیٹس انٹرنیشنل ویمن آف کریج‘ کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (2) بند ہیں

Kamal KSA Apr 30, 2016 03:05pm
Great job! Only women are leading in Pakistan
Amjad Ali Sahaab Apr 30, 2016 05:24pm
She is a brave woman....