انگلینڈ، عامر کو ویزہ جاری کرنے کیلئے تیار

اپ ڈیٹ 30 اپريل 2016
محمد عامر پابندی کے خاتمے کے بعد ایشیاکپ، ورلڈٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں—فوٹو: اے ایف پی
محمد عامر پابندی کے خاتمے کے بعد ایشیاکپ، ورلڈٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں—فوٹو: اے ایف پی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے کہا ہے کہ دورہ انگلینڈ کے محمد عامر کو ویزی جاری کرنے کا مثبت جواب ملا ہے جبکہ ٹیم کے ہیڈکوچ اور کرکٹ کمیٹی کے ناموں کا اعلان گورننگ باڈی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشہریارخان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو ویزا جاری کرنے کے لیے مثبت جواب دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق کپتان سلمان بٹ اور محمد آصف کے حوالے سے انگلینڈ کے حکام نے تحفظات کا اظہار کیا ہے تاہم ٹیم میں ان کے انتخاب کی صورت میں ویزے کے معاملات کو دیکھ لیاجائے گا۔

واضح رہے 2010 میں قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر اس وقت کے کپتان سلمان بٹ، فاسٹ باؤلر محمد آصف اور محمد عامر کو پانچ سال پابندی عائد کی گئی تھی جو گزشتہ سال مکمل ہوئی جس کے بعد عامر کو پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کی اجازت دی تھی تاہم سلمان بٹ اور آصف کو فوری طوری پر روک دیا تھا۔

محمد عامر کو گزشتہ سال دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی ٹیم کا حصہ بنایاگیا تھا جہاں انھوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد انھیں ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا۔

دوسری جانب سلمان بٹ نے قومی ون ڈے کپ میں واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے سنچریاں بنائی تھیں اور پاکستان کپ میں پنجاب ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

قومی ٹیم رواں سال جولائی میں 4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ پر مشتمل سیریز کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔

چیئرمین پی سی بی گفتگو کے دوران پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کی شمولیت پر دیگر ٹیموں کے مالکان کی جانب سے مخالفت پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے لیگ میں چھٹی ٹیم کی حمایت کی۔

ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تقرری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 3 مئی کو ہونے والے بورڈ کے گورننگ باڈی کے اجلاس میں ٹیم کے ہیڈ کوچ اور کرکٹ کمیٹی کے لیے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: یونس خان کو پاکستان کپ کھیلنے کی پھر اجازت

پاکستان کپ میں کھلاڑیوں کے رویوں کے متعلق انھوں نے کہا کہ یونس خان کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس کے بعد انہوں نے آئندہ محتاط رہنے کا وعدہ کیا ہے جبکہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کے واقعات سنگین نوعیت کے نہیں تھے تاہم دونوں کی یقیناً باز پرس کی جائے گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں