فلم ڈائری : مئی میں ریلیز ہونیوالی اہم فلمیں

فلم ڈائری : مئی کی فلمیں



پاکستان میں سینما گھروں میں جاکر فلمیں دیکھنے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اچھی خبر یہ ہے کہ مئی میں موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی ہولی وڈ کا سمر سیزن بھی شروع ہورہا ہے اور متعدد فلمیں ریلیز کی جائیں گی۔

تاہم ہم نے ہولی وڈ کے سمر سیزن کو دیکھتے ہوئے ڈان پر ایک نئے سلسلے کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ہر ماہ فلموں کی ریلیز کی تاریخ اور کچھ مختصر پلاٹ درج کیا جائے گا تاکہ سینما بینی کے شوقین افراد اس سے مستفید ہوسکیں۔

اس سلسلے میں ہولی وڈ کے ساتھ ساتھ بولی وڈ اور لولی وڈ کی فلموں کو بھی شامل کیا جائے گا اور ان کی الگ الگ کیٹیگریز بنائی جائیں گی۔

تو سب سے پہلے ذکر کرتے ہیں مئی میں ریلیز ہونے والی لولی وڈ فلموں کا۔

ماہ میر

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

درحقیقت مئی کے مہینے میں لولی وڈ کی ایک ہی فلم ریلیز ہونے جارہی ہے (یا صرف اس کی ریلیز کی تاریخ ہی کنفرم ہوئی ہے) اور وہ ہے ماہ میر۔ فہد مصطفیٰ کی ایک اور فلم جس کی ریلیز کافی عرصے سے التواءکا شکار تھی اور لوگوں کو اس کا انتظار بھی تھا، معروف شاعر میر تقی میر پر مبنی اس فلم میں کافی بڑے نام جیسے فہد مصطفیٰ، ایمان علی، اعلیٰ خان، صنم سعید اور منظر صہبائی لوگوں کو اپنی جانب کھینچنے کے لیے موجود ہیں۔ اس فلم کو انجم شہزاد نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ یہ فلم 6 مئی کو ملک بھر میں ریلیز کی جارہی ہے۔

بولی وڈ

بولی وڈ میں تو ہر ماہ ہی متعدد فلمیں ریلیز ہوتی ہیں جن میں سب کا ذکر تو مشکل ہے تاہم کچھ ممکنہ طور پر اچھی فلموں کا ذکر یہاں کیا جارہا ہے۔

1920 لندن

آفیشل پوسٹر
آفیشل پوسٹر

یہ ایک ہارر فلم ہے جسے ڈائریکٹر تنو ڈیسائی نے ڈائریکٹ کیا ہے، جس میں شرمن جوشی، میرا چوپڑا اور دیگر اداکاروں نے کام کیا ہے۔ یہ 1920 فلم سیریز کی تیسری کڑی ہے، اس سے پہلے 1920 اور 1920 : دی ایول ریٹرنز نام کی فلمیں لوگوں کو کافی پسند آچکی ہیں۔یہ فلم چھ مئی کو ریلیز ہوگی۔

اظہر

آفیشل پوسٹر
آفیشل پوسٹر

کرکٹ کے پرستاروں کو ہوسکتا ہے اس فلم کو انتظار ہو، اس اسپورٹس ڈراما فلم کو ڈائریکٹ اور تحریر ٹونی ڈی سوزا نے کیا ہے اور یہ سابق انڈین کپتان محمد اظہر الدین کی زندگی پر مبنی فلم ہے جس کے مرکزی کرداروں میں عمران ہاشمی، نرگس فخری اور پراچی ڈیسائی نظر آئیں گے۔ یہ فلم دنیا بھر میں 13 مئی کو ریلیز کی جارہی ہے۔

سربجیت

آفیشل پوسٹر
آفیشل پوسٹر

یہ بھی ایک شخص کی سوانح حیات پر مبنی فلم ہے جسے امنگ کمار نے ڈائریکٹ کیا ہے، یہ فلم پاکستان میں انڈین جاسوس کے طور پر کام کرنے والے سربجیت سنگھ کی زندگی پر بنائی گئی ہے جس کے مرکزی کرداروں میں ایشوریہ رائے بچن، رندیپ ہودا، ریچا چڈا اور درشن کمار شامل ہیں۔ یہ فلم 20 مئی کو ریلیز کی جارہی ہے۔

ہولی وڈ

لولی اور بولی کے بعد ہولی وڈ کا ذکر کرنا کیسے بھول سکتے ہیں۔

کیپٹن امریکا : سول وار

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

ایوینجر سیریز کو پسند کرنے والے کیپٹن امریکا اور آئرن مین سے بخوبی واقف ہیں اور ان دونوں کے ٹکراﺅ کا بے چینی سے انتظار بھی کررہے ہیں۔ کیپٹن امریکا سیریز کی اس تیسری فلم میں مختلف سپر ہیروز پر مشتمل دو گروپس ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے جن میں سے ایک کی قیادت کیپٹن امریکا اور دوسرے کی آئرن مین کررہا ہے اور ناقدین نے اس کی ریلیز سے پہلے ہی فلم کو بہت سراہتے ہوئے اب تک کی سب سے بہترین سپر ہیرو فلم قرار دیا ہے۔ یہ فلم چھ مئی کو ریلیز کی جارہی ہے۔

منی مونسٹر

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

جوڈی فاسٹر کی ڈائریشن میں اس تھرلر فلم میں جارج کلونی اور جولیا رابرٹس جیسے اسٹار کام کررہے ہیں جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک مقبول ٹی وی پروگرام کے میزبان کو لائیو شو کے دوران ایک جھنجھلائے ہوئے سرمایہ کار نے اغوا کرلیا ہے جس کے بعد یہ کہانی آگے بڑھتی ہے، یہ فلم 13 مئی کو ریلیز کی جارہی ہے۔

دا اینگری برڈ مووی

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

مختلف معروف ہولی وڈ فنکاروں کی آواز سے سجی یہ فلم مقبویل ترین گیم اینگری برڈ سے متاثر ہوکر بنائی جارہی ہے اور بنانے والوں کو توقع ہے کہ وہ اس گیم کی مقبولیت کو فلم کی شکل میں کیش کراسکیں گے۔ یہ فلم 20 مئی کو ریلیز کی جارہی ہے۔

دی نائس گائز

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

ایک پرائیویٹ ڈیٹیکٹو (ریان گوسلین) اور رسل کرو اکھٹے مل کر ایک گمشدہ نوجوان لڑکی کو ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں اور انہیں ایک چونکا دینے والی سازش کا علم ہوتا ہے، یہ فلم 20 مئی کو ریلیز ہورہی ہے۔

ایلس تھرو دا لوکنگ گلاس

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

یہ بی ایک سیکوئل ہے جس میں ایلس کو ونڈر لینڈ واپس آکر میڈ ہیٹر (جونی ڈیپ) کی مدد کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ڈزنی کی یہ فلم 27 مئی کو ریلیز کی جارہی ہے۔

ایکس مین : Apocalypse

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

ایکس مین سیریز کی اس نئی فلم میں سابقہ فلموں کی ٹیم ہزاروں برسوں سے موجود میوٹنٹ Apocalypse کا مقابلہ کرنے کے لیے اکھٹی ہوگی جو تمام انسانوں کا خاتمہ چاہتا ہے۔ یہ فلم 27 مئی کو ریلیز ہورہی ہے۔

ان فلموں کی پاکستان میں ریلیز کا انحصار سنسر بورڈ کی منظوری پر ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔