اسلام آباد: مانسہرہ کی تحصیل اوگی کے علاقے میں تیز رفتاری کے باعث مسافر وین گہری کھائی میں گرنے سے 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ تحصیل اوگی کے علاقے نمل کھٹہ کے قریب مسافر وین تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔

جس کے نتیجے میں بس میں سوار 8 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 2 خواتین اور 3 بچے بھی شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار مسافر وین اوگی سے پلئی جا رہی تھی، جو اوگی میں دربند روڈ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی مسافر وین میں 20 سے 22 افراد سوار تھے جن کو نکالنے کے لئے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں