مکہ:تنخواہیں نہ ملنے پر مزدوروں نے9 بسیں جلادیں

اپ ڈیٹ 01 مئ 2016
جلائی گئی بسیں بن لادن گروپ کی ملکیت تھیں — فوٹو: اسکرین گریب
جلائی گئی بسیں بن لادن گروپ کی ملکیت تھیں — فوٹو: اسکرین گریب

مکہ : سعودی عرب کے شہر مکہ میں مزدوروں نے تنخواہیں نہ ملنے پر بسوں کو آگ لگا دی۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملک کے مغربی شہر مکہ میں مزدورں کی جانب سے 9 بسوں کو آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا۔

مکہ کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان نائف الشریف کے مطابق مزدوروں کی رہائش گاہ کے قریب بن لادن گروپ کی 9 بسوں کو آگ لگائی گئی، یہ بسیں پارکنگ ایریا میں چھٹی کے بعد پارک کی گئی تھیں۔

نائف الشریف نے مزید کہا کہ آگ لگنے کے واقعے کوئی شخص اس کی زد میں نہیں آیا جس سے کسی قسم کا جانی نقصان ہیں ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ معاملے کے حوالے سے محکمہ شہری دفاع نے متعلقہ محکموں کے ہمراہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مزدوروں کی جانب سے تنخواہوں میں تاخیر پر احتجاج شروع کیا گیا، پہلے انہوں نے بسوں کے شیشے توڑے بعد ازاں انہوں نے ان کو آگ لگا دی۔

مشرق وسطیٰ میں سوشل میڈیا پر اس حوالے سے تبصرے جاری ہیں جس میں مزدوروں کی جانب سے بسوں کو آگ لگانے پر تنقید کے ساتھ ساتھ ان کی تنخواہیں بروقت ادا کرنے پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بن لادن گروپ نے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 50 ہزار مزدوروں کو کام سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سعودی عرب کے اس بڑے تعمیراتی گروپ میں صرف 25 فیصد مقامی افراد کام کرتے ہیں جبکہ 75 فیصد بیرونی ممالک کے افراد یہاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ احتجاج کرنے والے مزدوروں میں اکثریت بیرون ملک سے آنے والے افراد کی تھی، جو ملازمت ختم ہونے اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مشکل کا شکار ہو گئے ہیں۔

خیال رہے کہ بن لادن گروپ کے سعودی شاہی خاندان سے انتہائی قریبی تعلقات ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

fiz May 01, 2016 06:27pm
hajj k bad bin ladin pe ban laga hy aiki waja ye b ho sakti h late payment ki