کراچی: پولیس نے کراچی کے علاقے ڈالمیہ میں فائرنگ کے تبادلے میں لیاری گینگ وار کے چار کارندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایس پی گلشن ڈاکٹر فہد احمد نے بتایا کہ پولیس نے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی جس کے دوران ملزمان کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کردی گئی۔

ان کے مطابق جوابی کارروائی میں پولیس کے ہاتھوں چاروں کارندے مارے گئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، ایک ریپیٹر اور دو پستول قبضے میں لی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ ستمبر 2013 سے رینجرز کا شہر قائد میں آپریشن جاری ہے جس کا مقصد شہر سے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ اور امن و امان بحال کرنا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ٹارگیٹڈ آپریشنز کے آغاز سے لیکر اب تک رینجرز نے 5795 آپریشنز میں 10353 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جن میں دہشت گرد، اسٹریٹ کریمنل اور دیگر جرائم میں ملوث افراد شامل ہیں۔

ان آپریشنز کے دوران رینجرز نے 7312 سے زائد ہتھیار بھی برآمد کیے۔

گرفتار افراد میں 826 دہشت گرد، 334 ٹارگٹ کلرز، 296 بھتہ خور اور 82 اغوا کار شامل ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں