ودیا بالن پاکستانی ڈراموں کے سحر میں گرفتار

اپ ڈیٹ 05 جولائ 2017
بولی وڈ اداکارہ ودیا بالن — فائل فوٹو: بشکریہ دی انڈین ایکسپریس
بولی وڈ اداکارہ ودیا بالن — فائل فوٹو: بشکریہ دی انڈین ایکسپریس

ممبئی: پاکستانی ڈراموں نے ہماری خواتین کو تو گرویدہ بنایا ہوا ہی ہے، لیکن اب ان کی مقبولیت سرحد پار بھی بڑھنے لگی ہے اور بولی وڈ کی مشہور اداکارہ ودیا بالن بھی ان کے سحر میں گرفتار دکھائی دیتی ہیں۔

ودیا بالن کو پاکستانی ڈراموں نے اس قدر محظوظ کیا کہ وہ ٹوئٹر بھی ان کی تعریف اور پذیرائی کیے بنا نہ رہ سکیں۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے پاکستانی ڈراموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ رات کی شوٹنگز کی مصروفیات کے بعد دن میں ڈرامہ چینل ’زندگی‘ پر پاکستانی ڈرامے دیکھنا پسند کرتی ہیں۔

انہوں نے اپنے پسندیدہ پاکستانی ڈراموں کے بھی نام لیے اور ان کی کہانی، پروڈکشن اور کرداروں کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں خواتین اداکاراؤں کی خصوصی طور پر تعریف کی اور ان کے کرداروں کو انتہائی حقیقت پسندانہ قرار دیا۔

ودیا بالن نے ڈراموں میں اردو زبان کے نفیس استعمال کی بھی تعریف کی۔

بولی وڈ اداکارہ ان دنوں اپنی فلم ’ٹین‘ اور ’کہانی ٹو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، لیکن اس کے باوجود پاکستانی ڈرامے دیکھنے اور ان سے اپنی پسندیدگی کے اظہار کا وقت نکال لیتی ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں