خیبرپختونخوا پاکستان کپ کی پہلی چیمپیئن

پاکستان کپ کی فاتح خیبر پختونخوا کی ٹیم۔
پاکستان کپ کی فاتح خیبر پختونخوا کی ٹیم۔

خیبر پختونخوا نے اوپنر فخر زمان کی سنچری اور اسپنرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان کپ کی پہلی چیمپیئن ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

تنازعات سے بھرپور پاکستان کپ کے فائنل میں خیبر پختونخوا کے کپتان یونس خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کی بدولت درست ثابت کردیا۔

اوپنرز نے احمد شہزاد اور فخر زمان نے ٹیم کو 118 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، احمد 45 گیندوں پر 62 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

دوسرے اینڈ پر موجود فخر نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچیر مکمل کی، وہ 115 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان یونس خان نے 49 رنز بنائے۔

خیبر پختونخوا کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 311 رنز بنا کر پنجاب کو فتح کیلئے 312 رنز کا ہدف دیا۔

جواب میں پنجاب کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور کوئی بھی بلے باز جم کر خیبر پختونخوا کے باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔

ضیا الحق نے سلمان بٹ اور عامر یامین کو جلدی آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کی فتح کیہ بنیاد رکھی اور اس ابتدائی نقصان کے بعد پنجاب کی ٹیم سنبھل نہ سکی۔

ذوالفقار بابر 29 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ شعیب ملک 24 اور محمد رضوان 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پنجاب کی پوری ٹیم 37ویں اوور میں 160 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور اس تباہی کے ذمے دار اسپنرز یاسر شاہ اور ذوہیب خان تھے جنہوں نے تین تین وکٹیں اپنے نام کیں۔

خیبر پختونخوا نے 151 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پہلے پاکستان کپ کی چیمپیئن بننے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔

فخر زمان کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلڑی قرار دیا گیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں