ٹوٹنہم کا میچ ڈرا، لیسٹر انگلش پریمیئر لیگ کی نئی چیمپیئن

لیسٹر کے شائقین اپنی ٹیم کے چیمپیئن بننے کا جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو رائٹرز
لیسٹر کے شائقین اپنی ٹیم کے چیمپیئن بننے کا جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو رائٹرز

جب انگلش پریمیئر لیگ کا نیا سیزن شروع ہوا تو اکثر لوگ چیلسی کو ٹائٹل کے دفاع کیلئے فیورٹ قرار دے رہے تھے جبکہ متعدد لوگ مانچسٹر سٹی کو اس مرتبہ لیگ کا چیمپیئن بنتے دیکھنا چاہتے تھے۔

لیکن جہاں لیگ کے آغاز میں دفاعی چیمپیئن چیلسی کے بدترین کھیل نے شائقین کو شدید مایوسی سے دوچار کیا تو دوسری جانب کسی عجوبے کی مانند ابھرنے والی لیسٹر کی ٹیم نے اپنے شاندار کھیل سے شائقین کے دل موہ لیے۔

گزشتہ سیزن میں جب لیسٹر نے 17ویں پوزیشن حاصل کی تو کسی کو حیرت نہ ہوئی کیونکہ ایک سیزن قبل ہی اس نے سیکنڈ ڈویژن کی چیمپیئن شپ کھیلی تھی اور ان کیلئے لیگ کی فرسٹ ڈویژن کھیلنا ہی اپنے آپ میں بڑا کارنامہ تھا۔

لیگ کے 2015-16 کے سیزن میں بڑی بڑی ٹیموں کو مات دے کر فیورٹ کی شکل اختیار کرنے والی لیسٹر نے بالآخر تاریخ رقم کرتے ہوئے انگلش پریمیئر لیگ کا چیمپیئن بننے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

گزشتہ رات لندن میں اسٹیمفورڈ برج پر چیلسی اور ٹوٹنہم ہوٹسپر کے درمیان کھیلے گئے میچ کیلئے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ٹوٹنہم کو فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا اور اس نے 35ویں منٹ میں ہیری کین کے گول کی بدولت اس بات کو درست ثابت کردیا۔

ٹوٹنہم کو لیگ کا ٹائٹل جیتنے کی امیدیں برقرار رکھنے کیلئے اس میچ میں لازمین فتح درکار تھی کیونکہ لیسٹر پہلے ہی آٹھ پوائنٹس کی برتری حاصل کیے ہوئے تھی۔

میچ کا پہلا ہاف ختم ہونے سے ایک منٹ قبل ٹوٹنہم کے سون ہیونگ من نے گیند کو گول کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو 2-0 کی برتری دلانے کے ساتھ ساتھ مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔

تناؤ سے بھرپور اس لندن ڈربی میں متعدد مرتبہ ریفری کو کھلاڑیوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرانا پڑا اور حتیٰ کہ میچ کے ہاف کے درمیان دونوں ٹیموں ایک دوسرے سے دست و گریباں ہو گئیں اور ریفریز کو بیچ بچاؤ کیلئے آنا پڑا۔

دوسرا ہاف شروع ہوا تو 58ویں منٹ میں گیری کیہل نے چیلسی کیلئے گول کر کے اپنے شائقین کے ساتھ ساتھ لیسٹر کے شائقین اور ٹیم کو بھی نئی توانائی بخشی۔

چیلسی نے خسارہ کم کیا تو ٹوٹنہم نے ایک بار پھر اپنی برتری دگنی کرنے کی کوششیں شروع کردیں لیکن 83ویں منٹ میں ایڈن ہیزارڈ نے خوبصورت گول کر کے مقابلہ دو دو سے برابر کرنے کے ساتھ ساتھ ٹوٹنہم کو ہکا بکا کردیا اور اس کے بعد انتہائی کوششوں کے باوجود بھی وہ گول کرنے سے قاصر رہے۔

جب ریفری نے میچ ختم کرنے کی سیٹی بجائی تو اسکور بورڈ پر 2-2 کا ہندسہ ٹوٹنہم کی دہری شکست اور لیسٹر کے چیمپیئن بننے کا اعلان کررہا تھا۔

انگلش پریمیئر لیگ کی نئی چیمپیئن لیسٹر اب تک 36 میچوں میں 77 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ٹوٹنہم ہوٹسپر 36 میچوں میں 70 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں