جیسے جیسے انسان ترقی کے منازل طے کرتا جا رہا ہے وہ زندگی کے ہر شعبے میں جدت لانے کے لیے کوشاں ہے، اسی طرز کو قائم رکھتے ہوئے ٹیکنالوجی میں ایک نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے لینس کیمرہ ایجاد کیا گیا، جس کو آنکھوں میں لگا کر کسی بھی موقع کی تصویر آپ پلک جھپک کر لے سکتے ہیں۔

اس ٹیکنالوجی کو حاصل کرنے اور لوگوں کے درمیان لانے کیلئے مشہور کمپنی 'سونی کارپوریشن' نے سندِ حقِ تحفظ ( پیٹنٹ) حاصل کرنے کی درخواست جمع کروائی ہے اس طرح 'گوگل' اور 'سیمسنگ' کے ساتھ سونی کارپوریشن اس کا پیٹنٹ حاصل کرنے کی قطار میں سب سے آگے ہیں۔

'سونی کارپوریشن' کے پیٹنٹ میں اس بات کا اظہار کیا گیا ہے کہ جب بھی یہ لینس پہننے والا اپنی آنکھ جھپکائے گا تو وہ تصویر اس کے کمپیوٹر، ٹیبلٹ یا موبائل میں جا کر محفوظ ہوجائے گی۔

تصویر کھینچنے کے طریقےکار میں درج ہے کہ اسمارٹ فون کا استعمال کرکے لینس کو بتایا جائے گا کہ کب تصویر کھینچنی ہے، لیکن اس کو مزید آسان بنانے کے لیے آنکھوں کے جھپکنے کو استعمال کیا جائے گا جس میں ایک لائٹ سینسر کی مدد سے پلکوں کی حرکت کو جانچا جائے گا اور مخصوص طریقے سے جھپکنے پر تصویر کھنچ جائے گی۔

پیٹنٹ کے مطابق اس لینس کے اندر زوم، فوکس اور اپرچر کو بدلنے کی بھی صلاحیت ہوگی جس سے تصویر بھی خوبصورت آئے گی۔

صرف یہ ہی نہیں، اس لینس کے ذریعے لی گئی تصاویر بھی اسی لینس کے ذریعے دیکھی جا سکیں گی۔

اور اگر آپ کو ہر وقت کیمرہ آن نہیں رکھنا تو اس کے بند کرنے کا طریقہ بھی سونی نے بتایا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ اپنی آنکھیں بند کرکے اگرآنکھ کے پپوٹے پر ہلکا سا دباؤ ڈالا جائے تو سینسر اس دباؤ کو محسوس کرکے کیمرہ بند کردے گا، اور اسی طریقے سے کیمرہ دوبارہ کھولا جاسکتا ہے۔

یہ لینس کیمرہ، ٹیکنالوجی میں نئے دروازے کھولے گا اور اس سندِ حقِ تحفظ سے اس بات کا بھی اندازہ ہوتا ہے کہ آنے والے ادوار میں کسی بھی خاص لمحے کو محفوظ کرنے کا سب سے آسان ذریعہ ہمارے پاس موجود ہوگا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں