اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے 11 مزید دہشت گردوں کو سزائے موت دینے کی توثیق کردی۔

ڈان نیوز نے آئی ایس پی آر کے حوالے سے بتایا کہ فوجی عدالتوں نے تمام دہشت گردوں کو جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق موت کی سزا پانے والے دہشت گرد دہشتگردی اور اغوا کی سنگین واردتوں سمیت تعلیمی اداروں اور موصلاتی نظام تباہ کرنے میں ملوث تھے۔

سزا پانے والوں کا تعلق کالعدم تحریک پاکستان سے ہے۔

اعلامیے کے مطابق جن مجرموں کی سزا کی توثیق کی گئی، ان میں محمد عمر، حمید اللہ، رحمت اللہ، محمد نبی اور مولوی دلبر خان شامل ہیں۔ رضوان اللہ، گل رحمن، محمد ابراہیم، سردار علی، شیر محمد خان اور محمد جواد بھی سزائے موت پانے والوں میں شامل ہیں۔

سزا پانے والوں کے جرائم اور تفصیلات

محمد عمر ولد دلیل خان

مجرم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سرگرم رکن تھے۔ وہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث پائے گئے جن کے نتیجے میں متعدد فوجی ہلاکت اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

انہوں نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔ ان پر تین الزامات ثابت ہوئے اور انہیں سزائے موت سنائی گئی۔

حمید اللہ ولد محمد غازی، رحمت اللہ ولد عمر دین، محمد نبی ولد دلاور شاہ اور مولوی دلبر خان ولد کاشکر

چاروں مجرمان ٹی ٹی پی کے سرگرم رکن تھے۔ یہ سینیئر سپریٹینڈنٹ پولیس محمد ہلال خان، کرنل مصطفیٰ جمال اور کیپٹن اشفاق پر حملے میں ملوث پائے گئے جس کے نتیجے میں تینوں ہلاک ہوئے۔

رضوان اللہ ولد تاج میر خان

مجرم ٹی ٹی پی کے سرگرم رکن تھے جو واپڈا کے ملازمین کو اغواء کرنے، شہریوں کی ہلاکت اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث پائے گئے۔

گل رحمان ولد زرین

تحریک طالبان پاکستان کے سرگرم کارکن مسلح افواج پر حملے میں ملوث پائے گئے جس کے نتیجے میں ایک فوجی اور ایک شہری ہلاک ہوا۔

محمد ابراہیم ولد مسین

ٹی ٹی پی کارکن ایک پل کی تباہی میں ملوث پائے گئے جس کے نتیجے میں ایک شہری اور فوجی ہلاک ہوا۔

سردار علی ولد محمد اکرم خان

مجرم ٹی ٹی پی کے سرگرم رکن تھے۔ وہ مسلح افواج پر حملے اور تعلیمی اداروں کی تباہی میں ملوث پائے گئے۔

شیر محمد خان ولد احمد خان

ٹی ٹی پی کے سرگرم کارکن شہریوں اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث پائے گئے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی اور فوجیوں کی ہلاکت ہوئی۔

محمد جواد ولد محمد موسیٰ

مجرم تحریک طالبان پاکستان کے سرگرم رکن تھے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کے قتل کے مرتکب پائے گئے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں