ون ڈے میں بدترین کارکردگی، پاکستان کی نویں درجے پر تنزلی

پاکستان کو سب سے بڑا دھچکا بنگلہ دیش کے ہاتھوں 3-0 سے شکست کے سبب ہوا۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان کو سب سے بڑا دھچکا بنگلہ دیش کے ہاتھوں 3-0 سے شکست کے سبب ہوا۔ فوٹو اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی ٹیسٹ درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم محدود اوورز میں مایوس کن کارکردگی کے سبب ایک روزہ کرکٹ ٹیم کی رینکنگ میں نویں نمبر پہنچ گئی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ نئی سالانہ رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم ایک درجہ تنزلی کے بعد نویں نمبر پر پہنچ گئی ہے جس کے ساتھ ہی 1992 کی ورلڈ چیمپیئن کے 2019 کے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

آئی سی سی کے قوانین کے تحت 30 ستمبر 2017 تک میزبان انگلینڈ کے علاوہ عالمی درجہ بندی کی دیگر سات صف اول ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر جائیں گی جبکہ بقیہ ٹیمیں ایونٹ میں بچنے والی دو جگہوں کیلئے 2018 میں کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

اس نئی درجہ بندی میں مئی 2014 سے اپریل 2016 کے درمیان کھیلے گئے میچوں کے نتائج کو شامل کیا گیا ہے اور اگلے سال کے دوران انہیں کافی بہتر کھیل پیش کرنا ہو گا کیونکہ موجودہ نتائج کے اثرات 50 فیصد تک زائل ہو چکے ہوں گے۔

پانچویں مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے والی آسٹریلین ٹیم کو دو پوائنٹس گنوانے پڑے لیکن اس کے باوجود وہ 124 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے اور اسے دوسرے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ پر 11 پوائنٹس پر برتری حاصل ہے۔

جنوبی افریقہ ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ ہندوستان چوتھے نمبر پر موجود ہے، ہندوستان سے پانچ پوائنٹس کمی کے ساتھ سری لنکا پانچویں، انگلینڈ چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں اور افغانستان دسویں نمبر پر براجمان ہے۔

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھی بری کارکردگی کی وجہ سے پاکستان ساتویں نمبر پر پہنچ گیا ہے لیکن سب سے بڑے دھچکا عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو لگا ہے جو تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں نیوزی لینڈ پہلے، ہندوستان دوسرے، جنوبی افریقہ چار، انگلینڈ پانچویں اور آسٹریلیا چھٹے نمبر پر موجود ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں