اگر تو آپ اپنے دوستوں اور رشتے داروں سے واٹس ایپ کے ذریعے وائس کالز سے رابطہ کرتے ہیں تو ہوسکتا ہے جلد آپ ان کے ساتھ ویڈیو کالنگ کی سہولت سے بھی مستفید ہوسکیں۔

واٹس ایپ میں وائس کالنگ کی سہولت تو کافی عرصے سے موجود ہے مگر ویڈیو کالز کا فیچر اب تک متعارف نہیں کرایا گیا اور اب رپورٹس آرہی ہیں کہ میسجنگ اپلیکشن نے ویڈیو کالنگ فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے۔

یہ فیچر ابھی بیٹا ٹیسٹرز کو دستیاب ہے اور امکان ہے کہ عام صارفین کے لیے اگلی اپ ڈیٹ میں ہر جگہ متعارف کرا دیا جائے گا۔

واٹس ایپ کے نئے فیچر کے حوالے سے معلومات جاری کرنے والے ایک ٹوئٹر اکاﺅنٹ @WABetaInfo نے اس حوالے سے اسکرین شاٹ پوسٹ کیے ہیں۔

ان اسکرین شاٹس سے ایک نئے ویڈیو کال آئیکون کا انکشاف ہوتا ہے جو کہ چیٹ ونڈو کے اوپر دائیں جانب ہے۔

اس سے پہلے چیٹ اسکرین میں وائس کال کے بٹن کو ہی پروفائل امیج کے ساتھ دکھایا جاتا تھا مگر ان اسکرین شاٹس میں ویڈیو کال کا آپشن وائس کال بٹن کے ساتھ موجود ہے۔

فی الحال واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کی آزمائش آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے کی جارہی ہے جو کہ 2.16.3.525 ورژن کا حصہ ہے جو آئندہ چند روز میں عام صارفین کے لیے ریلیز ہونے وال اہے۔

گزشتہ دنوں یہ رپورٹ بھی سامنے آئی تھی کہ واٹس ایپ کی جانب سے مائیکروسافٹ کے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے لیے اسمارٹ فونز کی طرح کی ایپ تیار کی جارہی ہے۔

دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ نے گزشتہ سال ویب ورڑن متعارف کرایا تھا جس کے لیے صارفین کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے گھر یا دفتر کے کمپیوٹر پر واٹس ایپ کو استعمال کرسکتے ہیں۔

تاہم مائیکروسافٹ اور ایپل کے ڈیسک اپ کمپیوٹرز کے لیے ایک ایپ کے ذریعے یہ کام لوگوں کے لیے بہت آسان کردیا جائے گا اور انہیں موبائل نہ ہونے پر بھی اسے استعمال کرنے کا موقع مل سکے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں