چیمپیئنز لیگ: بیل کی بدولت ریال میڈرڈ فائنل میں

گیراتھ بیل کا میچ کا کا واحد گول اسکور کرنے کے بعد ایک انداز۔ فوٹو رائٹرز
گیراتھ بیل کا میچ کا کا واحد گول اسکور کرنے کے بعد ایک انداز۔ فوٹو رائٹرز

میڈرڈ: یورپیئن چیمپیئنز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل میں ریال میڈرڈ نے گیراتھ بیل کے شاندار گول کی بدولت مانچسٹر سٹی کو شکست دے کر چیمپیئنز لیگ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

میڈرڈ میں دوسرے سیمی فائنل کے سیکنڈ لیگ سے قبل مانچسٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے فرسٹ لیگ میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔

میچ کے واحد گول کا منظر۔ فوٹو رائٹرز
میچ کے واحد گول کا منظر۔ فوٹو رائٹرز

جب میڈرڈ میں دونوں ٹیموں میدان میں اتریں تو حسب توقع ریال میڈرڈ کی ٹیم نے ہوم ایڈوانٹیج کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے جارحانہ کھیل پیش کیا۔

میچ کے پہلے ہاف کے ابتدائی 20 منٹ تک دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں لیکن اگلے ہی منٹ میں گیراتھ بیل میں شاندار کراس کک کے ذریعے گیند کو گول کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی، گیند چونکہ دفاعی کھلاڑی فرنینڈو کے پیر سے ذرا لگ کر گئی اسی لیے 'اون گول' قرار دیا گیا۔

میچ کا پہلا ہاف ختم تو ریال میڈرڈ کو 1-0 کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف میں بھی میڈرڈ کا پلا بھاری رہا اور مانچسٹر سٹی انتہائی کوششوں کے باوجود بھی کوئی گول کرنے سے قاصر رہی اور ریال میڈرڈ نے مقابلہ ایک صفر سے اپنے نام کر کے چیمپیئنز لیگ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

میچ میں فتح کے بعد ریال میڈرڈ کے کھلاڑی جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو رائٹرز
میچ میں فتح کے بعد ریال میڈرڈ کے کھلاڑی جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو رائٹرز

28 مئی کو یورپیئن چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں ریال میڈرڈ کا مقابلہ اپنے شہر کی حریف ٹیم ایٹلیٹکو میڈرڈ سے ہو گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 2014 کے چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں بھی ایٹلیٹکو میڈرڈ اور ریال میڈرڈ مدمقابل آئی تھیں جہاں ریال میڈرڈ نے 4-1 سے کامیابی حاصل کر کے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں