ٹیکنالوجی کمپنیاں ماضی کی ڈیوائسز کو متروک بنانے کی خواہشمند لگتی ہے، فیس بک موبائل سموں کا خاتمہ چاہتی ہے تو اب گوگل نے لگتا ہے کہ ٹیلیویژن کو ختم کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔

جی ہاں گوگل نے انٹرنیٹ پر براہ راست نشریات کی اسٹریمنگ کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے تاکہ صارفین کیبل نشریات سے نجات پالیں۔

گوگل نے اپنی ویڈیو شیئرنگ سائٹ یوٹیوب پر اگلے سال تک ایک نئی سروس ان پلگڈ کے نام سے متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت یوٹیوب پر ہی متعدد کیبل ٹی وی چینیلز کی نشریات کو براہ راست نشر کیا جائے گا۔

اب کونسے چینیلز اس منصوبے کا حصہ بنتے ہیں وہ تو کچھ عرصے بعد ہی معلوم ہوسکے گا تاہم چونکہ رپورٹ میں کیبل ٹی وی کا تذکرہ کئی بار آیا ہے تو ایسا لگتا ہے کہ یوٹیوب اس سروس کو ہی ختم کردینا چاہتی ہے۔

یعنی وہ ہر طرح کے اہم چینیلز کی نشریات کو یوٹیوب پر نشر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اس سروس کے بدلے میں یوٹیوب اپنے صارفین سے ماہانہ فیس لینے کا ارادہ بھی رکھتی ہے جس کا تعین سروس کے آغاز پر ہی کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق یوٹیوب اپنے صارفین کو مختلف پیکجز کی پیشکش کرنا چاہتی ہے اور کسی مخصوص ٹاپک پسند کرنے والوں کو کم معاوضے میں سروس فراہم کی جاسکتی ہے۔

یوٹیوب 2012 سے ہی انٹرنیٹ ٹی وی سروس پر کام کرنے کی کوشش کررہی ہے مگر حالیہ چند ماہ کے دوران اس میں تیزی آئی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں