سکھر: وزیراعظم نواز شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی-پیک) منصوبے کے تحت سکھر-ملتان موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔

سکھر-ملتان موٹر وے 393 کلو میٹر طویل ہے جس پر 294 ارب روپے لاگت آئے گی، جسے 36 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر اسماعیل راہو، وفاقی وزیر مملکت برائے مواصلات عبد الحکیم بلوچ، چین کے پاکستان میں قائم مقام سفیر جیاو لی جن سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

وزیر اعظم کا افتتاحی تقریب سے خطاب : 'دہشت گرد اور دھرنے والے افرا تفری چاہتے ہیں'

وزیراعظم نواز شریف کی سکھر آمد پر افتتاحی تقریب کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے، جس میں عارضی پنڈال کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں ایئر کنڈیشنرز بھی لگائے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پورے پنڈال میں ایئر کنڈیشنرز کو چلانے اور بجلی کی سپلائی بحال رکھنے کے لیے 1000KV کے 10 سے زائد جنریٹر لگائے گئے۔

وزیراعظم کی آمد پر روہڑی بائی پاس کے قریب جنگل میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جبکہ سکھر کے علاوہ دیگر اضلاع سے بھی پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی گئی۔

پنڈال میں 2000 سے زائد کرسیاں لگائی گئیں جبکہ جلسہ گاہ کے قریب ہیلی پیڈ بھی بنایا گیا۔

وزیر اعظم نواز شریف سکھر تا ملتان موٹروے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے سکھر ایئر پورٹ پہنچے تو سندھ کے وزیراعلی سید قائم علی شاہ نے دیگر حکام کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم کی آمد پر ایک جانب کارکنان اپنے رہنما کا خطاب سننے کے لیے موجود تھے تو دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد نے پارٹی کی طرف سے نظرانداز کیے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا

سکھر ملتان موٹر وے

سکھر-ملتان موٹر وے کا منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی-پیک) کا حصہ ہے، اس منصوبے پر 281 ارب ڈالر کی لا گت آئے گی۔

سکھر ملتان موٹر وے 36 ماہ میں مکمل ہو گا، اس منصوبے میں 54 پل ، 11 سروسز ایریا آئیں گے، سب سے بڑا پل دریائے ستلج پر تعمیر ہوگا جبکہ اس کے علاوہ 426 انڈر پاسز، 11 انٹرچینج اور 10 فلائی اوور بھی اس منصوبے کا حصہ ہوں گے۔

موٹروے 6 رویا ہوگا اور اس کی لمبائی 393 کلو میٹر ہو گی، اس موٹروے کو چین کی کمپنی چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن و انجنئیرنگ تعمیر کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی-حیدرآباد موٹروے کا افتتاح

یاد رہے کہ کراچی- لاہور موٹر وے کا افتتاح ایک سال قبل مارچ 2015 میں رکھا گیا تھا جس کے تحت پہلے مرحلے میں کراچی سے حیدر آباد موٹر وے تعمیر کی جانی تھی، جس کا تعمیراتی کام ابھی بھی جاری ہے، دیگر مراحل میں سکھر-ملتان موٹر وے بھی شامل ہے، یہ موٹر وے پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نومبر 2015 میں وزیراعظم نواز شریف نے کراچی- لاہور موٹر وے کے توسیعی منصوبے کے تحت 55.6 کلو میٹر طویل خانیوال-ملتان سیکشن کا افتتاح کیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (4) بند ہیں

Kashif May 06, 2016 03:18pm
281 billion dollars??? are you serious?
anam khan May 06, 2016 05:23pm
Great effort, Allah bless our Pakistan.
Israr Muhammad Khan Yousafzai May 07, 2016 01:31am
وزیراعظم کو اس منصوبے کی افتتاح پر مبارک باد پیش کرتے ھیں امید رکھتے ھیں کہ منصوبہ بروقت مکمل کیا جائیگا وزیراعظم سے درخواست ھے کہ ایسے منصوبوں کی بذات خود نگرانی کریں میری نگرانی کا مطلب رپورٹ دیکھنا نہیں بلکہ شہباز شریف کی طرح سائٹ پر جاکر معائنہ یا نگرانی ھے یہ کام وزیراعظم کیلئے مشکل نہیں بلکہ وزیراعظم کی مقبولیت میں اضافے کا سبب بنیگی حیدر اباد کراچی کے درمیان پہلے سے سپر ہائی وے موجود ھے اگر اس سپر وے کو ازسرنو تعمیر کرلیا جاتا تو رقم کی بچت ممکن ھوسکتی تھی
Israr Muhammad Khan Yousafzai May 07, 2016 01:41am
@Kashif ہاں اس سے زیادہ رقم خرچ ھوگی یہ موٹروے 6 رویہ ھوگی یہ موٹر وے دو جگہوں پر دریا پار کریگی جس کیلئے پل بھی بنانے ھیں رقم زیادہ دکھائی دیتی ھے لیکن نواز شریف نے جو 6 رویہ موٹروے اپنے سابقہ ادوار میں بنائی تھی اسلام اباد تا لاہور وہ اج بھی بہترین حالت میں ھے مشرف دور میں اسلام اباد تا پشاور جو 4 رویہ موٹروے بنی ھے اسکا معیار بہت ناقص ھے ابھی سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ھے