'ایسا لگا کہ تیز رفتار ٹرک میرے چہرے سے ٹکرا گیا ہو'

اپ ڈیٹ 19 مئ 2016
آئی پی ایل کے میچ کے دوران جارج بیلی کو گیند لگنے کے بعد ہیلمٹ اڑ کر دور جا گرا۔ فوٹو اے ایف پی
آئی پی ایل کے میچ کے دوران جارج بیلی کو گیند لگنے کے بعد ہیلمٹ اڑ کر دور جا گرا۔ فوٹو اے ایف پی

نئی دہلی: معروف آسٹریلین بلے باز جارج بیلی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ کے دوران سر پر گیند لگنے کے باوجود بڑی انجری سے محفوظ رہے اور اس کا سہرا انہوں نے عالمی معیار کے نئے ہیلمٹ کے سر باندھا۔

انڈین پریمیئر لیگ میں منگل کو رائزنگ پونے سُپر جائنٹس اور دہلی ڈیئر ڈیولز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پونے کی اننگ کے دوران ناتھن کولٹر نائیل کی ایک شارٹ گیند کو بیلی نے پل کرنے کی کوشش کی لیکن گیند بلے کے ایج کو چھوتے ہوئے ہیلمٹ سے جا ٹکرائی۔

یاد رہے کہ کولٹر نائیل نے 2013 میں بیلی کی زیر قیادت ہی آسٹریلیا کیلئے اپنا ڈیبیو کیا تھا۔

گیند ان اس قدر زور سے ٹکرائی کہ ان کا ہیلمٹ اڑ کر وکٹ سے دور جا گرا۔

خود جارج بیلی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایسا محسوس ہوا گویا ٹرک میرے چہرے سے ٹکرا گیا ہو۔

انہوں نے میچ میں اپنی ٹیم کی 19 رنز سے فتح کے بعد کہا کہ میرے خیال میں مجھ سے زیادہ بہتر طریقے سے ٹی وی پر لوگ زیادہ بہتر منظر دیکھ سکے ہوں گے کیونکہ مجھے جس حد تک یاد ہے وہ یہ کہ میرے چہرے بہت تیز رفتار کا حامل ٹرک ٹکرا گیا ہو۔

سابق آسٹریلین کپتان نے کا کہنا تھا میں انتہائی خوش ہوں کہ میں نے نئی طرز کا معیاری ہیلمٹ پہنا ہوا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کرکٹ آسٹریلیا نے فلپ ہیوز کی وفات کے حوالے سے سامنے آنے والی جائزہ رپورٹ کے بعد کھلاڑیوں کیلئے فاسٹ باؤلرز کیخلاف ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیا تھا۔

گیند جیسے ہی بیلی کو لگی تو کولٹر نائیل نے ان سے معذرت کی جبکہ دہلی کھلاڑی بھی فوراً ان کی خیریت دریافت کرنے کیلئے پہنچ گئے۔

بیلی اس پر مسکراتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ مایوس تھے کہ ہیلمٹ اڑ کر وکٹ پر کیوں نہیں لگا لیکن کچھ لوگ یہ دیکھ رہے تھے کہ میں کیسا ہوں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں