جھنگ: صوبہ پنجاب کے شہر جھنگ کے قریب بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

ایدھی ذرائع کے مطابق خوشاب روڈ پر ناصرآباد کے قریب ایک مسافر بس مخالف سمت سے آنے والے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک جبکہ 19 زخمی ہوئے۔

ہلاک اور زخمی افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔

حادثے کا شکار ہونے والی بس کراچی سے خوشاب جا رہی تھی۔

مزید پڑھیں:فیصل آباد: ٹرک اور مسافر بس میں تصادم، 19 ہلاک

حالیہ دنوں میں پنجاب میں ٹریفک حادثات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جس کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔

گذشتہ ماہ اپریل میں بھی فیصل آباد کے قریب ٹرک اور مسافر بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 19 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے قبل ضلع میانوالی میں بھی تیز رفتار بس اور ٹریلر کے تصادم کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے تھے.

یہ بھی پڑھیں: میانوالی : ٹریفک حادثے میں 18 افراد ہلاک

واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں ہر روز کئی ٹریفک حادثات پیش آتے ہیں، جن میں کئی افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

ان ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں خراب سڑکیں، خستہ حالت گاڑیاں اور ڈرائیونگ میں غفلت شامل ہیں۔

ادارہ شماریات کے جانب سے جاری کیے گئے گذشتہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2013 میں 4600 سے زائد افراد ٹریفک حادثات کے دوران لقمہِ اجل بنے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں