جب 2000 میں جنوبی افریقہ کے خلاف سہ ملکی کوکا کولا کپ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری تھا جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم 168 رنز پر ڈھیر ہوئی تو تمام پاکستانی شائقین پر یہ بات واضح ہو چکی تھی کہ اب کوئی معجزہ ہی اس ٹیم کو فتح اور ایونٹ کے فائنل تک رسائی دلا سکتا ہے۔

شان پولاک کی زیر قیادت جنوبی افریقی ٹیم نے 169 رنز کے ہدف کا پراعتماد انداز میں تعاقب شروع کیا اور ایک وکٹ کے نقصان پر 74 رنز میچ میں جنوبی افریقہ کی سبقت کے ساتھ پاکستان کی حریف کے خلاف لگاتار 15ویں شکست کے خطرے کی گھنٹی بجا رہے تھے۔

لیکن پروٹیز کے حق میں نظر آتے اس میچ کا منظر اننگ کے 17ویں اوور میں پانچ منٹ کے اندر اس وقت بدل گیا جب اپنے عہد کے سب سے تیز باؤلر شعیب اختر نے جنوبی افریقی ٹیم کی صفیں الٹ دیں۔

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور فاسٹ باؤلر نے اوور کی پہلی گیند پر معین خان کی مدد سے مارک باؤچر کو قابو کیا۔

ہرشل گبز کے ساتھ 47 گیندوں پر اتنے ہی رنز جوڑنے والے بلے باز امپائر کے فیصلے پر مطمئن نظر نہ آئے لیکن ری پلے سے امپائر کے فیصلے کی درستی کی تصدیق ہو گئی۔

اگلی ہی گیند پر ڈیل بینکسٹن ایک تیز رفتار یارکر سے بچنے میں کامیاب رہے لیکن اس گیند سے دہشت زدہ ڈیل ایک گیند بعد پاکستانی باؤلر کی تیز گیند پر اپنے قدموں تک کو نہ ہلا سکے۔

اس کے بعد ورلڈ کپ 1999 کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے لانس کلوزنر وکٹ پر پہنچے لیکن جلد ہی 74 رنز پر ایک وکٹ گنوانے والی جنوبی افریقی ٹیم اسی اسکور پر مزید تین وکٹیں گنوا بیٹھی۔

کلوزنر کا وکٹ پر قیام بھی دو گیندوں سے زیادہ طوالت اختیار نہ کر سکا اور دنیا کے تیز ترین باؤلر نے ان کی آف اسٹمپ اکھاڑ دی اور اس کی بدولت شعیب نے اس شاندار اوور میں بغیر کوئی رن دیے تین وکٹیں حاصل کیں۔

چند اوورز بعد ہی وہ گروئن انجری کا شکار ہو گئے جس کے سبب انہیں گراؤنڈ سے باہر لے جایا گیا لیکن انہوں نے اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھ دی تھی اور اسی کی بدولت وسیم اکرم، وقار یونس اور عبدالرزاق نے جنوبی افریقی ٹیم کی بساط 101 رنز پر لپیٹ دی۔

اسی شاندار اوور کی وجہ سے میچ میں نو رنز کے عوض تین وکٹیں لینے پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ میں فتح کی بدولت پاکستان نے فائنل میں رسائی حاصل کی اور فائنل میں پھر جنوبی افریقہ کو شکست دے کر کوکا کولا کپ کا فاتح بننے کا اعزاز حاصل کیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں