رومن رینز کے پرانے حریف کی واپسی

23 مئ 2016
رومن رینز — اے پی فوٹو
رومن رینز — اے پی فوٹو

رومن رینز نے ایکسٹریم رولز نامی ایونٹ میں اے جے اسٹائلز کو شکست دے کر ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن کا ایک بار پھر کامیابی سے دفاع تو کرلیا تاہم کافی عرصے بعد ایک اسٹار ریسلر نے واپس آکر بیلٹ پر اپنا دعویٰ چیمپئن پر حملہ کرکے کیا۔

رومن رینز اس سے قبل ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایونٹ پے بیک میں بھی اے جے اسٹائلز کو شکست دی تھی اور ان دونوں کے درمیان ایکسٹریم رولز میں ایک بار پھر ٹکراﺅ ہوا تھا۔

میچ کے دوران فضاءمیں موجود اے جے اسٹائلز کو رومن رینز کی ایک اسپیئر کامیابی دلانے کے لیے کافی ثابت ہوئی۔

تاہم میچ کے بعد اچانک گزشتہ سال نومبر سے غائب سیٹھ رولنز کی واپسی ہوئی اور انہوں نے رومن رینز پر حملہ کیا۔

ڈبلیو ڈبلیو ای نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر اس حملے کی فوٹیج جاری کی جس میں سیٹھ رولنز کو رومن رینز پر حملہ کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

ایونٹ کے اختتام پر سیٹھ رولنز بیلٹ اٹھائے کھڑے تھے اور اس طرح چیمپئن شپ کے حوالے سے اپنے ارادے واضح کردیئے۔

خیال رہے کہ رومن رینز اور سیٹھ رولنز پہلے شیلڈ نامی گروپ میں اکھٹے تھے تاہم پھر ان کے راستے الگ ہوگئے اور دونوں کے درمیان کافی مخالفت پائی جاتی تھی اور رولنز نے ریسل مینیا 31 میں منی ان دی بینک بریف کیس کی بدولت رومن رینز اور بروک لیسنر کے میچ میں مداخلت کرکے چیمپئن شپ جیتی تھی۔

اپنی انجری سے قبل بھی سیٹھ رولنز چیمپئن تھے تاہم زخمی ہونے کے باعث انہیں بیلٹ سے دستبردار ہونا پڑا تھا۔

اس سے قبل میچ کے دوران لیوک گیلوز اور کارل اینڈرسن نے بھی اے جے اسٹائلز کی مدد کے لیے رومن رینز پر حملہ کیا تھا۔

اس موقع پر اوسوز رومن رینز کی مدد کے لیے آئے اور عارضی طور پر میچ تین، تین کھلاڑیوں کے ایونٹ میں تبدیل ہوگیا۔

تاہم بعد میں اے جے اسٹائلز اور رومن رینز کے درمیان اچھا مقابلہ دیکھنے میں آیا جس کے آخر میں چیمپئن اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل ایونٹ کا آغاز بیرون کوربن اور ڈولف زیگلر کے درمیان مقابلے سے ہوا جس میں کوربن نے کامیابی حاصل کی۔

کارل اینڈرسن اور لیوک گیلوز نے دی اوسوز کو شکست دی جبکہ یونائیٹڈ اسٹیٹس چیمپئن شپ میچ میں کلیسٹو کے مقابلے میں روسوف کامیاب رہے۔

ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ میں دی نیو ڈے نے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔

اسی طرح انٹرکانٹی نینٹل میچ میں دی میز کیون اوئنز، سمیع زیان اور سیزارو پر بھاری رہے۔

ایک اور میچ میں ڈین امبروز نے کرس جیریکو کو شکست دی جبکہ ویمن چیمپئن شپ میچ شیرولیٹ کے نام رہا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں