اعصام فرنچ اوپن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

اعصام الحق کی بہترین کارکردگی یوایس اوپن 2010 کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی—فوٹو: اے ایف پی
اعصام الحق کی بہترین کارکردگی یوایس اوپن 2010 کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی—فوٹو: اے ایف پی

کراچی: قومی ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی فرنچ اوپن کے ڈبلز مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جہاں ان کی جوڑی کینیڈا کے ڈینیل جیسٹر کے ساتھ ہوگی اور ان کی جوڑی ٹورنامنٹ کی 14 سیڈڈ ہے۔

اعصام الحق 9 ویں مرتبہ فرنچ اوپن میں شرکت کرنے جارہے ہیں جبکہ وہ 34 گرینڈ سلیم ایونٹ میں حصہ لے چکے ہیں۔

پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور سے تعلق رکھنے والے اعصام نے 2010 کے یو ایس اوپن کے مینز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جو ان کی بہترین کارکردگی ہے۔

یوایس مینز ڈبلز کے مقابلے میں اعصام کی جوڑی ہندوستان کے روہن بوپنا سے تھی جس کے لیے انھیں دوسری دفعہ آرتھر ایشے ہیومنیٹیرین ایوارڈ 2010 سے نوازا گیا تھا۔

اس سے قبل یہ ایوارڈ انھوں نے اسرائیل کے عامر ہیدید کےساتھ مشترکہ طورپر2002 میں حاصل کیا تھا جس کے بعد وطن واپسی پر ان کی جوڑی پر سخت تنقید کی گئی تھی۔

اعصام الحق کو نومبر 2010 میں اقوام متحدہ کے ادارے ترقی پروگرام (یو این ڈی پی) کے خیرسگالی کا سفیر مقرر کیا گیا تھا۔ پاکستانی اسٹار ٹینس ڈبلز کی درجہ بندی میں 53 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

22 مئی کو شروع ہوئے فرنچ اوپن کا فائنل 5 جون کو کھیلا جائے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں