منحال اولمپک شوٹنگ مقابلوں میں پہلی پاکستانی خاتون

اپ ڈیٹ 23 مئ 2016
منحال خان نے 2012 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
منحال خان نے 2012 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

برازیل کے شہر ریو دی جنیرو میں ہونے والے اولمپکس 2016 میں پاکستان کی منحال سہیل نئی تاریخ رقم کر دیں گی جہاں وہ شوٹنگ کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی خاتون بن جائیں گی۔

22 سالہ منحال سہیل نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت ریو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا اور اب ان کی نظریں سونے کا تمغہ جیتنے پر مرکوز ہیں۔

ایشیا اور عالمی مقابلوں میں بہترین کارکردگی کی وجہ سے انہیں کوٹے کی بنیاد پر اولمپکس میں شرکت کا موقع ملا اور انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن نے اس کی تصدیق بھی کردی ہے۔

پی این ایس کارساز شوٹنگ رینج میں منعقدہ نیشنل شوٹنگ چیمپیئن شپ کے دوران ڈان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے منحال نے کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرنے کا موقع پانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اولمپک کی تیاریوں کے لیے انہوں نے سخت محنت کی اور ان کا مقصد گولڈ میڈل کا حصول ہے۔

منحال سہیل شوٹنگ کے مقابلے میں حصہ لیتے ہوئے
منحال سہیل شوٹنگ کے مقابلے میں حصہ لیتے ہوئے

شوٹنگ چیمپئن نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 2012 میں کیا اور ہر گزرتے سال قومی اور انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لینے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور اولمپک میں شرکت سے ان کا وہ خواب سچ ہو گیا جس کے لیے وہ انتہائی شدت سے منتظر تھیں۔

اولمپکس میں شرکت کی تصدیق ہونے کے بعد منحال نے اپنے ڈپارٹمنٹ نیوی کو مایوس نہ کیا اور ان کی امیدیں پر پورا اترتے ہوئے نیشنل شوٹنگ چیمپیئن شپ میں 10 میٹر ایئر رائفل کا مقابلہ اپنے نام کیا۔

اس موقع پر منحال نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں خصوصاً بیٹیوں کے کھیلوں میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کریں جس سے ان کی خود اعتمادی میں اضافہ ہو گا اور وہ زندگی کے ہر شعبے میں کامیابیاں حاصل کریں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں