مثبت ڈوپ کے شکار پریرا کی سری لنکن ٹیم میں واپسی

کوشال پریرا کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شامل کرلیا گیا—فوٹو: اے ایف پی
کوشال پریرا کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شامل کرلیا گیا—فوٹو: اے ایف پی

لندن: آئی سی سی کی جانب سے ڈوپنگ کے الزام میں عبوری طورپر معطل ہونے والے سری لنکن وکٹ کیپر کوشال پریرا کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ نے کوشال پریرا کو فاسٹ باؤلر دھمیکا پرساد کی جگہ پر ٹیم میں شامل کیا ہے۔

سری لنکا کے چیف سلیکٹر سنتھ جے سوریا کا کہنا تھا کہ پریرا کو ٹیم میں 4 فاسٹ باؤلر اور دو آل راؤنڈر کی موجودگی کے باعث شامل کیا گیا ہے کیونکہ باؤلر کی ضرورت محسوس نہیں کی جارہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشال پریرا ویزے کے معاملات طے ہوتے ہی جلد از جلد انگلینڈ کے لیے روانہ ہوں گے۔

آئی سی سی نے کوشال پریرا کو رواں سال کے شروع میں سری لنکن ٹیم کے نیوزی لیند کے دورے میں مثبت ڈوپنگ کے الزام میں عبوری طور پر معطل کیا تھا تاہم قطر کی لیبارٹری کی جانب سے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کا فیصلہ واپس لینے پر انھیں کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی تھی۔

دوسری جانب انگلینڈ نے پہلے میچ میں کامیابی کے بعد دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، بائیں گھٹنے کی انجری کے شکار بین اسٹوکس کی جگہ کرس ووکس کو شامل کیا ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بین اسٹوکس کی صحت یابی کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے گا جس کے بعد فیصلہ کریں گے کہ آیا وہ 9 جون سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے کہ نہیں۔

بین اسٹوکس پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور سری لنکا کے خلاف دوسری اننگز میں باؤلنگ نہیں کرپائے تھے لیکن ای سی بی نے اصل واقعے کو واضح کرنے سے گریز کیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں