نئے آئی فون کے منتظر ہیں؟

23 مئ 2016
آئی فون سکس ایس — رائٹرز فائل فوٹو
آئی فون سکس ایس — رائٹرز فائل فوٹو

آئی فون سیون کے منتظر ہیں ؟ تو بری خبر یہ ہے کہ وہ آپ کی توقعات پوری نہیں کرسکے گا۔

اب تک سامنے آنے والی اطلاعات پر یقین کیا جائے تو ایسا نظر آتا ہے کہ آئی فون سیون گزشتہ سال کے ماڈل سے کچھ زیادہ مختلف نہیں ہوگا۔

اس کا ڈیزائن بھی آئی فون سکس ایس جیسا ہی ہوگا تاہم سیون پلس میں ڈوئل لینس کی بدولت آپ اسمارٹ فون پر ہی ڈی ایس ایل آر جیسی تصاویر لے سکیں گے۔

آئی فون سیون میں سب سے بڑی تبدیلی ہیڈ فون جیک کو ہٹانے کی شکل میں نظر آئے گی۔

تو اگر ایپل کی جانب سے آئندہ چند ماہ کے دوران کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی تو آئی فون سیون ممکنہ طور پر سکس ایس جیسا ہی ہوگا۔

تاہم تجزیہ کاروں اور مختلف لیکس کے مطابق 2017 میں متعارف کرائے جانے والا آئی فون بالکل نئے ڈیزائن کا حامل ہوگا۔

اس میں ہوم بٹن کو ختم کردیا جائے گا اور وہ ممکنہ طور پر مکمل طور پر گلاس سے تیار کیا جائے گا۔

اگلے سال آئی فون کو متعارف کرائے دس سال بھی ہورہے ہیں اس لیے ایپل اپنی اس ڈیوائس کو مکمل طور پر بدل دینا چاہتی ہے۔

2017 کے آئی فون میں وائرلیس چارجنگ کا فیچر بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے جبکہ اس کی اسکرین کو بھی پہلے سے زیادہ بہتر بنایا جائے گا اور او ایل ای ڈی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا۔

اور ہاں اس بات کے بھی امکانات ہیں کہ 2017 کا آئی فون وائی فائی کی بجائے لائی فائی ٹیکنالوجی کا حامل ہو اور اس پر انٹرنیٹ کی رفتار لوگوں کی توقعات سے کئی گنا زیادہ ہو۔

اس حوالے سے برطانوی روزنامے ٹیلیگراف نے اپنی ایک رپورٹ میں آئی او ایس 9.1 میں لائی فائی کے کوڈ کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا۔

لائی فائی ایسی ٹیکنالوجی ہے جس پر کئی برسوں سے کام جاری ہے اور لائٹ اسپیکٹرم کے ذریعے اس کی مدد سے 224 گیگا بائٹس فی سیکنڈ کی رفتار سے ڈیٹا کو ٹرانسمٹ کیا جاسکتا ہے۔

اس پر چلنے والے انٹرنیٹ کی رفتار اتنی زیادہ ہوگی کہ لوگ ایچ ڈی فلموں کو لائی فائی کنکشن کی مدد سے چند سیکنڈ میں ڈاﺅن لوڈ کرسکیں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں