انگلینڈ کی امپائر ریڈ فرن اور ویسٹ انڈیز کی جیکولین ولیمز نے مردوں کے میچ میں امپائرنگ کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔

اتوار کو جرسی میں آئی سی سی ڈویژن فائیو میں عمان اور نائیجیریا کے درمیان میچ میں دونوں خواتین نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔

ریڈ فرن نے میدان میں اسکاٹ لینڈ کے ایلکس ڈاؤڈلز کے ہمراہ امپائرنگ کے فرائض انجام دیے جبکہ ولیمز میچ کے تھرڈ امپائر کے فرائض انجام دے رہی تھیں۔

یہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ آئی سی سی کے زیر انتظام مردوں کے کسی میچ میں دو خواتین نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔

یہ دونوں خواتین امپائرز گزشتہ نومبر تھائی لینڈ میں ہونے والے ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر میں بھی میچز کی میزبانی کا اعزاز رکھتی ہیں۔

کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کیتھی کراس نے 2014 کے ورلڈ کپ کوالیفائر میں مردوں کے میچ میں امپائرنگ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

38 سالہ ریڈ فرن انگلینڈ کی سابق ٹیسٹ کرکٹر ہیں جبکہ ولیمز نے اس سال کے آغاز میں اس وقت بھی تاریخ رقم کی تھی جب انہوں نے ویسٹ انڈین ڈومیسٹک مقابلے کے 50 اوور کے میچ میں امپائرنگ کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اتوار کو ہونے والے میچ میں عمان نے نائجیریا کو 181 رنز سے شکست دی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں