پاکستان کی پہلی بائیو مکینیکل لیب کا افتتاح

اپ ڈیٹ 23 مئ 2016
شہریارخان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے 27 کھلاڑیوں کے مشکوک ایکشن کاٹیسٹ ہوگا—فوٹو: اے ایف پی
شہریارخان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے 27 کھلاڑیوں کے مشکوک ایکشن کاٹیسٹ ہوگا—فوٹو: اے ایف پی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے لاہور یونیورسٹی آف منجمنٹ سائنسز(لمز) کے تعاون سے جدید سہولتوں سے مزین بائیو مکینیکل لیبارٹری کا افتتاح کردیا۔

پاکستان میں پہلی دفعہ وجود میں آنے والی لیبارٹری کے افتتاح کے موقع پر شہریار خان کے ساتھ وائس چانسلر لمز، قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز محمد حیفظ اور باؤلنگ کوچ مشتاق احمد سمیت نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا اسٹاف بھی موجود تھا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریار خان نے اس امید کا اظہار کیا کہ بورڈ تین ماہ میں آئی سی سی سے لیب کی منظوری کروالے گا جس کے بعد دنیا کی آٹھ ویں لیب پاکستان میں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'لیبارٹری سے پاکستان کرکٹ اور دیگر کھیلوں کو فائدہ ہوگا اور کرکٹرز اور مختلف کھیلوں سے منسلک کھلاڑیوں کی خامیوں کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی، لیبارٹری کے ضروری آلات آٹھ سال قبل خریدے گئے تھے'۔

انھوں نے کہا کہ 'ڈومیسٹک کرکٹ کے 27 مشکوک ایکشن کے حامل باؤلرز کا ٹیسٹ کیا جائے گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'محمد حفیظ کا ایکشن کا ٹیسٹ اسی لیب میں ہوگا اور نتیجے کے لیے آئی سی سی کو بھیجا جائے گا'۔

وائس چانسلر لمز سہیل نقوی نے اس موقع پر کہا کہ 'یہ جدید ترین سہولت ہے جو ہماری کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے بہترین مستقبل کو یقینی بنائے گی'۔

شہریارخان نے اعلان کیا کہ نئی سیزن کے آغاز میں حفیظ کاردار کپ کے نام سے قومی اسکول چمپین شپ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں چاروں صوبے کے سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلبہ حصہ لیں گے جو 16 ریجن اور ان کے 97 کرکٹ ڈسٹرکٹ کے زیر انتظام منعقد ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے نیشنل کلب چمپین شپ اور انٹر یونیورسٹی مقابلوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ آرتھر کی اگلے ہفتے پاکستان آمد متوقع ہے۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مکی آرتھر گزشتہ کئی سال سے آسٹریلیا میں مقیم ہیں، شہریار خان نے کہا کہ ان کو آسٹریلوی شہریت ملتے ہی آئندہ ہفتے تک پاکستان آنے کا امکان ہے۔

انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمشنر نائلہ چوہان کو فوری ویزا جاری کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس کے استعفے کے بعد دنیا کے دو بڑی ٹیموں کی کوچنگ کا تجربہ رکھنے والے مکی آرتھر کو ٹیم کا نیا کوچ مقرر کیا تھا۔

مکی آرتھر نے 2005 سے 2010 تک جنوبی افریقہ کے ہیڈ کوچ کے طورپر کام کرتے رہے جبکہ 2010 سے 2011 تک ویسٹرن آسٹریلیا ٹیم جس کے بعد 2013 تک آسٹریلیا کے ہیڈکوچ رہنے کے بعد مستعفی ہوئے تھے۔

مکی آرتھر نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کے کوچ کے طورپر کام کیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں