لوئس سواریزکی کوپا امریکا کپ میں شرکت مشکوک

سواریز کوپا ڈیل رے کے فائنل میں زخمی ہوکر میچ سے باہر ہوگئے تھے—فوٹو بارسلونا فیس بک پیج
سواریز کوپا ڈیل رے کے فائنل میں زخمی ہوکر میچ سے باہر ہوگئے تھے—فوٹو بارسلونا فیس بک پیج

بارسلونا: اسپین کے مشہور فٹ بال کلب بارسلونا کو اسپینش کپ جیتوانے والے اسٹار کھلاڑی لوئس سواریز انجری کے باعث کوپا ڈیل رے میں اپنے ملک یوروگوائے کی نمائندگی مشکوک ہوگئی ہے۔

لوئس سواریز گزشتہ روز کوپا ڈیل رے کے فائنل میں بارسلونا کی نمائندگی کرتے ہوئے 56 ویں منٹ میں زخمی ہوکر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔

کوپا ڈیل کے فائنل میں نیمار اور جودی ایلبا نے سویلیا کے خلاف بارسلونا کو فتح دلادی تھی۔

بارسلونا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 'لوئس سواریز کے ٹیسٹ میں ان کی دائیں ٹانگ میں انجری کی تصدیق ہوئی ہے'۔

اس طرح کی انجری سے صحت یابی کے لیے عام طور پر تین سے چھ ہفتے درکار ہوتے ہیں لیکن کلب کا کہنا ہے کہ سواریز نے یوروگوائے ٹیم میں شمولیت کے لیے تیاری کرلی ہے اور یکم جون سے ٹیم میں شامل ہوں گے جبکہ انجری سے بحالی کا دوسرا مرحلہ بھی جاری ہوگا۔

لالیگا کے حالیہ سیزن میں سب سے زیادہ 40 گول کرنے والے سواریز کی میکسیکو کے خلاف اہم میچ کے لیے عدم دستیابی کی صورت میں یوروگوائے کی ٹیم کے لیے یہ بڑا دھچکا ہوگا۔

میکسیکو اور یوروگوائے کوپا امریکا کپ کے میچ میں 6 جون کو مدمقابل ہوں گے۔

سواریز کو یوروگوائے کی جانب سے سب سے زیادہ 85 میچوں میں 45 گول کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

یوروگوائے کی ٹیم فٹ بال کے قدیم ترین کونٹی نینٹل ٹورنامنٹ کوپا امریکا کپ کے گروپ سی میں 6 جون کو میکسیکو کے علاوہ دیگرمیچوں میں 10 جون کو وینزویلا اور 14 جون کو جمیکا کے خلاف نبرد آزما ہوگی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

1

تبصرے (0) بند ہیں