چمیرا بھی زخمی ہو کر دورہ انگلینڈ سے باہر

اپ ڈیٹ 24 مئ 2016
دشمانتھا چمیرا اپنے ڈیبیو ٹیسٹ کے بعد بھی انجری کا شکار ہو کر عرصے تک کرکٹ کے میدانوں سے دور ہو گئے تھے۔ فوٹو اے ایف پی
دشمانتھا چمیرا اپنے ڈیبیو ٹیسٹ کے بعد بھی انجری کا شکار ہو کر عرصے تک کرکٹ کے میدانوں سے دور ہو گئے تھے۔ فوٹو اے ایف پی

دورہ انگلینڈ پر موجود سری لنکن ٹیم کو دہرا دھچکا لگا ہے جہاں فاسٹ باؤلر دھمیکا پرساد کے بعد دشمانتھا چمیرا بھی ان فٹ ہو کر مکمل دورے سے باہر ہو گئے ہیں۔

سری لنکن فاسٹ باؤلر دشمانتھا چمیرا کمر میں فریکچر کا شکار ہو کر چار ماہ کیلئے کرکٹ کے میدانوں سے دور ہو گئے ہیں اور علاج کیلئے وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔

اس انجری کے سبب وہ ممکنہ طور پر 26 جولائی سے شروع ہونے والے آسٹریلیا کے دورہ سری لنکا سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔

پریشانی سے دوچار سری لنکن سلیکٹر بدھ کو چمیرا کے متبادل کا اعلان کر سکتے ہیں۔

یہ دورہ انگلینڈ پر سری لنکن ٹیم کو دوسرا بڑا دھچکا ہے جہاں اسے اس سے قبل دھمیکا پرساد سے محروم ہونا پڑا تھا جو کندھے کی انجری کے سبب دورہ انگلینڈ سے باہر ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ ہیڈنگلے میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں جونی بیئراسٹو کی شاندار سنچری اور دس وکٹیں لینے والے جیمز اینڈرسن کی تباہ کن باؤلنگ کے سبب سری لنکا کو اننگ اور 88 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

چمیرا کا مختصر کیریئر اب تک انجریز کی وجہ سے کافی اتار چڑھاؤ کا شکار رہا ہے، پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد ہی انجری کا شکار ہو کر پاکستان کے خلاف پالے کیلی میں ہونے والے میچ اور ہندوستان کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں