مانچسٹر یونائیٹڈ کے منیجر وین گال برطرف

مانچسٹر یونائیٹڈ کی چیمپیئنز لیگ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکامی ان کی برطرفی کا اہم سب بنی۔ فوٹو رائٹرز
مانچسٹر یونائیٹڈ کی چیمپیئنز لیگ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکامی ان کی برطرفی کا اہم سب بنی۔ فوٹو رائٹرز

لندن: کئی دن سے جاری قیاس آرائیوں کے بعد بالآخر مانچسٹر یونائیٹڈ نے اپنے مینجر لوئس وین گال کو فوری طور پر برطرف کیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔

ایف اے کپ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی فتح کے فوراً بعد لوئس وین گال کو عہدے سے برطرف کر کے ان کی جگہ مشہور منیجر ہوزے مورینیو کو ذمے داریاں سونپے جانے کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں۔

2013 میں عہد ساز کوچ ایلکس فرگیوسن کے مستعفی ہونے کے بعد سے مانچسٹر یونائیٹڈ بہتر کوچ کی تلاش میں سرگرداں ہیں جہاں ڈیوڈ موئز کے بعد لوئس وین گال بھی ٹیم کو کامیابیوں کی راہ پر گامزن نہ کر سکے۔

مزید پڑھیں: مورینیو کو مانچسٹر یونائیٹڈ کا منیجر بنانے پر اتفاق

یاد رہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ گزشتہ دونوں سیزن کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی اور اس سیزن میں وہ مزید تنزلی سے دوچار ہوئی جس کے سبب کلب کے مداحوں کی جانب سے مستقل منیجر کو ہٹانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

ٹیم کی گرتی ہوئی کارکردگی خصوصاً چیمپیئنز لیگ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکامی کو دیکھتے ہوئے کلب کے حکام نے فوری تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے اپریل کے آخری ہفتے میں ہوزے مورینیو سے رابطہ کیا جنہوں نے منیجر کا عہدہ قبول کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

وین گال کو عہدے سے ہٹانے کی سب سے بڑی وجہ ممکنہ طور پر چیمپیئنز لیگ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکامی تھی اور اسی وجہ سے حکام نے تبدیلی کو ناگزیر سمجھا۔

بارسلونا اور بایرن میونخ کے سابق منیجر کی جانب سے کھلاڑیوں پر تنقید اور ان کے کھلانے کے انداز سے مانچسٹر کے اسکواڈ کے اکثر کھلاڑی ناخوش تھے جبکہ کلب کی گرتی ہوئی کارکردگی کی وجہ سے شائقین کی جانب سے مستقل انہیں ہٹانے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

وین گال نے اپنے بیان میں کہا کہ میں اپنے معاہدے کے تین سال مکمل نہ ہونے پر بہت مایوس ہوں، اتنے بہترین کلب کا منیجر بننا بہت بڑا اعزاز تھا اور ایسا کر کے میں نے بہت بڑا خواب پورا کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں کامیابیوں کیلئے کلب کی بنیادیں بہت مستحکم ہیں اور یہ بڑی کامیابیاں حاصل کرے گا۔

یونائیٹڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کلب کے نئے منیجر کا اعلان جلد کردیا جائے گا جہاں چیلسی اور ریال میڈرڈ کے سابق منیجر ہوزے مورینیو کو اس کیلئے سب سے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں