'آپ کےفالوورز تو ہمارےوزیراعظم سےبھی زیادہ ہیں'

اپ ڈیٹ 24 مئ 2016
شہباز تاثیر—۔فوٹو/ بشکریہ شہباز تاثیر ٹوئٹر اکاؤنٹ
شہباز تاثیر—۔فوٹو/ بشکریہ شہباز تاثیر ٹوئٹر اکاؤنٹ

کراچی: سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر اپنی بازیابی کے بعد سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کافی سرگرم ہیں اور مختلف موضوعات کے حوالے سے پیغامات دیتے رہتے ہیں۔

حال ہی میں انھوں نے فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑی ریو گیون فرڈی نینڈ (Rio Gavin Ferdinand) کے حق میں ٹوئیٹ کی اور کہا، 'ریو، میں آپ سے اتفاق کرتا ہوں، کیوں کہ آپ کے فالوورز ہمارے وزیراعظم سے بھی زیادہ ہیں'۔

خیال رہے کہ حال ہی میں ریو فرڈی نینڈ نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے برطرف کیے گئے مینیجر لوئس وین گال (Louis van Gaal) کے حوالے سے ایک ٹوئیٹ کی تھی اور لکھا تھا کہ وہ جاچکے ہیں۔

مزید پڑھیں:مانچسٹر یونائیٹڈ کے منیجر وین گال برطرف

جس کے بعد شہاز نے بھی اپنے پسندیدہ کھلاڑی کی بات سے اتفاق کیا اور ساتھ ہی وزیراعظم نواز شریف پر تنقید بھی کر ڈالی۔

یاد رہے کہ شہباز تاثیر کو تقریباً 5 سال قبل اگست 2011 میں لاہور کے علاقے گلبرگ سے اغواء کیا گیا تھا، جنھیں 9 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے کچلاک سے سی ٹی ڈی اور انٹیلی جنس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران بازیاب کروایا۔

یہ بھی پڑھیں : مقتول گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز بازیاب

اپنی بازیابی کے بعد بی بی سی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں شہاز تاثیر نے انکشاف کیا کہ اپنی قید کے دوران بھی انھیں مانچسٹر یونائیٹڈ کے فٹبال میچز کی کمنٹری سننے کا موقع ملتا رہتا تھا۔

شہباز تاثیر کا کہنا تھا، 'ان تمام برسوں میں کوئی 30 ماہ ایسے تھے جن میں میرا بیرونی دنیا سے ہفتہ وار بغیر کسی نگرانی کے ایک عجیب وغریب سا رابطہ ہوتا تھا۔'

'میرا محافظ میری طرح تھا، مانچسٹر یونائٹڈ کا فین! وہ ہر دوسرے ہفتے ایک ریڈیو چھپا کر میرے کمرے میں لے آتا اور ہم دونوں مل کر کمنٹری سنتے تھے۔ اس کے نزدیک یہ ایک لطف انگیز گناہ تھا کیونکہ ان کے مطابق کھیلوں میں حصہ لینا اور سننا دونوں حرام تھے۔'

'میری لیے وہ دنیا کی جانب کھلنے والی ایک کھڑکی تھی۔مانچسٹر یونائیٹڈ کی خبریں مجھے ذہنی توازن برقرار رکھنے میں مدد دیتی تھیں۔'


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں